وزیراعظم عمران خان سے امریکا میں مختلف سرمایہ کاروں کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے، وزیراعظم عمران خان پاکستانی سفارتخانے میں وفود سے ملاقاتیں کر رہے ہیں.
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے افینیٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ضیاءچشتی ، دی ریسورس گروپ کے بانی شراکت دار محمد خیشگی، دی ریسورس گروپ کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر حسنین اسلم نے ملاقات کی۔ پاکستانی سفارتخانے میں ہونے والی اس ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بحری امور کے وزیر سید علی حیدر زیدی، تجارت کے لئے وزیر اعظم کے مشیر عبدالرزاق داﺅد، وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدلحفیظ شیخ ، سمندر پار پاکستانیوں کے لئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ذوالفقار عباس بخاری بھی موجود تھے۔ سرمایہ کاروں نے پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری کے لئے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا.
وزیر اعظم عمران خان سے ناصر جاوید ،اشرف قاضی اور شوکت دھنانی نے پاکستانی سفارتخانے میں ملاقات کی۔ انہوں نے وزیراعظم کو پاکستان میں اکیڈیمیا، مینوفیکچرنگ اور سٹیل کی صنعت میں سرمایہ کاری کے لئے اپنی دلچسپی کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے وزیراعظم کے ویژن کو سراہا۔ وزیر اعظم نے غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے پالیسی فریم ورک اور بہترین ماحول کی فراہمی، کاروبار کو آسان بنانے کے لئے حکومت کی طر ف سے کئے جانے والے اقدامات اور کوششوں، صنعتی شعبوں کی ترقی اور ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو اجاگر کیا
وزیراعظم عمران خان سے وینچر کیپٹیلسٹس فنڈ منیجرز کے وفد نے پاکستانی سفارتخانے میں ملاقات کی۔ وفد میں شعیب کیتھاوالا، سلیم احمد، سہیل خان، سلیم اقبال اور ریاض صدیقی شامل تھے۔
وزیر اعظم عمران خان سے خوراک اورصحت کے شعبوں سے متعلق سرمایہ کاروں کے گروپ نے پاکستانی سفارتخانے میں ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والے وفد میں اسلم خان، ٹیکساس سے مبشرچوہدری، ڈاکٹر باسط جاوید، ڈاکٹر عابد شیخ اور ڈاکٹر مبشر چوہدری شامل تھے۔ سرمایہ کاروں نے پاکستان میں خوراک اور صحت کے شعبوں میں بہتری اور سہولیات کی فراہمی کے لئے اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستان میں طبی سہولیات کو بہتر بنانے بالخصوص دیہی علاقوں اور مخصوص شعبوں میں طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے اپنی تجاویز دیں۔ ملاقات میں اس بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ امریکا میں مقیم پاکستان نژاد فزیشنز پاکستان میں بسنے والی کمیونٹیز کی کس طرح مدد کر سکتے ہیں
وزیر اعظم عمران خان سے آئی ٹی کے شعبہ کے ماہرین پر مشتمل ”آل سٹار گروپ“ نے پاکستانی سفارتخانے میں ملاقات کی۔ گروپ میں انعام الحق خان، حشمت ملک، حسن احمد، دلاور سید، الریحان جلیل، سلمان اختر اور منصور خان شامل تھے۔ گروپ نے وزیراعظم سے اکیڈمک انسٹیٹیوشن، تحقیق و ترقی، ٹیکنالوجی کے شعبے میں معیاری اداروں کی ترقی، آئی ٹی کے شعبہ میں آئی ٹی کے ٹیکنیشنز وانجینئرز اور پیشہ وارانہ تربیت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیر اعظم نے گروپ کو بتایاکہ آئی ٹی کی ترقی موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے لئے اس شعبہ میں روزگار کے بے شمار مواقع ہیں۔ انہوں نے آئی ٹی کے شعبہ کی ترقی کے لئے حکومتی اداروں کی طرف سے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرائی.
اے پی پی