سندھ میں زرعی ترقی کے لیے بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد ہوا

کانفرنس میں متحدہ عرب امارات، تھائی لینڈ، آذربائیجان، انڈونیشیا، افغانستان، ملائیشیا اور مراکش سمیت مختلف ممالک کے وفود نے شرکت کی

کراچی(باغی ٹی وی رپورٹ) کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقدہ آئی ٹی سی این ایشیا نمائش میں زرعی ترقی اور خوراک کی سلامتی پر ایک بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر زراعت، کھیل امور، نوجوانان اور انسداد بدعنوانی سردار محمد بخش خان مہر نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی۔

کانفرنس میں متحدہ عرب امارات، تھائی لینڈ، آذربائیجان، انڈونیشیا، افغانستان، ملائیشیا اور مراکش سمیت مختلف ممالک کے وفود نے شرکت کی اور پاکستان میں زرعی شعبے کو جدید ٹیکنالوجیز کے ذریعے ترقی دینے کے لیے ممکنہ تعاون پر بات چیت کی۔

وزیر زراعت نے کانفرنس کے بعد ایکسپو سینٹر میں لگی زرعی مصنوعات کی نمائش کا دورہ کیا اور مختلف اسٹالز پر موجود زرعی مصنوعات اور ٹیکنالوجیز کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

وزیر زراعت نے کہا کہ خوراک کی سلامتی بہت سے ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے۔سندھ حکومت زرعی سیکٹر کو جدید بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔زرعی شعبے میں آٹومیشن اور ڈیجیٹلائزیشن کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ زرعی سیکٹر میں بہتری کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔صاف ستھرا کاروبار کرنے والوں کو پوری حمایت فراہم کی جائے گی۔زرعی مصنوعات میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

سیکریٹری زراعت رفیق احمد برڑو بھی وزیر کے ہمراہ کانفرنس میں شریک تھے۔

Leave a reply