بھارت میں ایک حیران کن واقعے میں جعلی سفارتخانہ چلانے کا انکشاف ہوا ہے، جہاں سے لاکھوں روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی، لگژری گاڑیاں، جعلی سفارتی دستاویزات اور دیگر قیمتی اشیاء برآمد کی گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اتر پردیش اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) نے غازی آباد میں قائم ایک جعلی سفارتی مشن پر چھاپہ مار کر ہارش وردھن نامی شخص کو گرفتار کر لیا، جو خود کو "گرینڈ ڈچی آف ویسٹ آرکٹیکا” کا قونصل جنرل ظاہر کر رہا تھا۔سیکیورٹی حکام کے مطابق ملزم نے ایک دو منزلہ پرتعیش عمارت میں جعلی سفارتخانے کا ڈھونگ رچایا ہوا تھا، جہاں بھارت اور نام نہاد ریاست ویسٹ آرکٹیکا کے جھنڈے، 4 لگژری گاڑیاں جن پر سفارتی نمبر پلیٹس لگی ہوئی تھیں، موجود تھیں۔ یہ جعلی مشن 2017 سے سرگرم تھا۔
چھاپے کے دوران 44 لاکھ بھارتی روپے نقدی، غیر ملکی کرنسی، 18 جعلی سفارتی نمبر پلیٹس، 12 جعلی مائیکرو نیشنز کے سفارتی پاسپورٹس، وزارت خارجہ کے جعلی کاغذات اور قیمتی گھڑیوں کا ذخیرہ برآمد کیا گیا۔ایس ٹی ایف کے مطابق ملزم ہارش وردھن بیرون ملک ملازمتوں کے جھوٹے وعدے کر کے لوگوں سے رقم بٹورتا تھا، جب کہ اس پر حوالہ کے ذریعے منی لانڈرنگ اور جعلی دستاویزات بنانے کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ ملزم خود کو "ایچ ایچ وی جین” کہہ کر دہلی میں مختلف سماجی تقریبات منعقد کرتا تھا تاکہ اپنی شناخت کو معتبر ظاہر کر سکے۔ پولیس مزید تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے تاکہ اس فراڈ میں ملوث دیگر افراد کو بھی بے نقاب کیا جا سکے۔
روس اور طالبان حکومت کے وزرائے خارجہ کا رابطہ، تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق