ترکیہ اور شام میں زلزلہ؛ جاں بحق افراد کی تعداد 37,000 سے تجاوز

0
37

ترکیہ اور شام میں 6 فروری کو آنے والے 7.8 شدت کے زلزلے سے اموات کی تعدا 37 ہزار سے زیادہ ہوگئیں-

تفصیلات کے مطابق ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے، آٹھ روز بعد بھی ملبے تلے زندگی کی تلاش جاری ہے،ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات کی تعداد 37 ہزار سے تجاوز کر گئی ، ترکیہ میں 31ہزار 643 اور شام میں 4ہزار 581 افراد جان سے گئے متاثرہ علاقوں میں تعفن بھی پھیلنے لگا، ماراش میں پانچ ہزار افراد کی اجتماعی تدفین کردی گئی۔

ترکیہ میں 5 ہزار افراد کی لاشیں اجتماعی قبروں میں دفن

ترکیہ کے بعض متاثرہ علاقوں میں پانی کی قلت ہوگئی جبکہ صحت و صفائی کے مسائل کا بھی سامنا ہے، اس کے علاوہ وبائی امراض بھی پھیلنے لگے ، متاثرین کی جانب سے جلد کی بیماریاں اور ڈائریا کی شکایات سامنے آئی ہیں۔

ادھر شام میں حالات انتہائی سنگین ہو گئے، اقوامِ متحدہ کا ایک اور امدادی قافلہ شام پہنچ گیا ہے۔

دوسری جانب ورثا اب بھی اپنے پیاروں کی زندگی کی آس لگائے ملبے کے ڈھیر پر بیٹھے ہیں، آٹھ روز بعد بھی ملبے تلے زندگی کے آثار موجود ہونے پر ریسکیو ورکرز حیران رہ گئے ترک میڈیا کے مطابق ریسکیو اہلکاروں نے صوبے Gaziantep میں زلزلے کے نتیجے میں تباہ شدہ عمارت کے ملبے سے معجزاتی طور پر 9 سالہ بچے کو زلزلے کے تقریباً 155 گھنٹے بعد زندہ نکال لیا۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ 6 دن سے زائد ملبے تلے بھوکا پیاسا پھنسے رہنے کے بعد بچے نے ریسکیو اہلکاروں کو دیکھتے ہی مختلف فرمائشیں کیں،ملبے سے زندہ نکلنے کے بعد بچے نے بظاہر اسٹریچر پر لیٹے ہوئے ہی ریسکیو اہلکاروں سے درخواست کی کہ میرے لیے اسٹرابیری ذائقے والی آئسکریم لے کر آئیں،اس کے علاوہ اس نے 5 گیلن پانی لانے کی بھی فرمائش کی۔

ترکیہ زلزلہ: کورولش عثمان کے اداکار اہلیہ سمیت ملبے تلے دب کر انتقال کرگئے

جب ریسکیو اہلکاروں نے بچے سے پوچھا کہ کیا تم اتنا سارا پانی پی لو گے ؟ تو اس نے جواب دیا کہ جی پی لوں گا، مجھے بہت پیاس لگی ہے۔ساتھ ہی اس نے سوال بھی کیا کہ میں کتنے دن تک ملبے تلے رہا؟

جبکہ حاطے میں آٹھویں روز بارہ سال کے بچے کو نکال لیا گیا جبکہ 171گھنٹوں بعد ملبے تلے چھ سال کی بچی زندہ نکل آئی 181 گھنٹوں بعد دو بھائیوں کو ریسکیو کر لیا گیا، زلزلے میں بچ جانےوالےوالد اپنی بیٹی سے ایک ہفتے بعد ملے تو رو پڑے اس سے قبل ترکیہ میں 140 گھنٹے بعد 7 ماہ کے بچےکو ملبے سے نکال لیا گیا، اس کے علاوہ 136 گھنٹے بعد 13 سال کی لڑکی کو بھی ملبےسے نکالا گیا، ایک اور عمارت کے ملبے سے 70 سال کی ترک خاتون کو نکالا گیا۔

ترک صدر نے اہلیہ کے ہمراہ اسپتال کا دورہ کیا اور متاثرین کی دادرسی کی ترک وزارت انصاف نے ناقص تعمیرات میں ملوث افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کر تے ہوئے 12 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

ترکیہ زلزلہ،اسپتال میں نرسوں کی نوزائیدہ بچوں کو بچانے کی ویڈیو وائرل

واضح رہے کہ 6 فروری کو آنے والے زلزلے سے ترکیے میں 6 ہزار عمارتیں تباہ ہوئی ہیں اس حوالے سے عالمی ادارہ صحت کا کہناہے کہ دونوں ملکوں میں 2 کروڑ 60 لاکھ افراد متاثرہوئے ہیں، متاثرین کے لیے 4 کروڑ 28 لاکھ ڈالر کی فوری امدادکی اپیل کی گئی ہے۔

اقوام متحدہ نے خدشہ ظاہرکیا ہےکہ ترکیہ اور شام میں زلزلے سے اموات کی تعداد دوگنا ہوسکتی ہے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے مطالبہ کیا ہےکہ سلامتی کونسل ترکیہ اور شام کے درمیان سرحد پار امدادی مراکز کھولنے کی اجازت دے۔

Leave a reply