بولان میں ہونے والے دہشت گردی کے حملے کے باعث 15 دن کی معطلی کے بعد جعفر ایکسپریس پشاور سے کوئٹہ کے لیے روانہ ہو گئی۔ وفاقی وزیر امیر مقام نے پشاور میں مسافروں کو رخصت کیا اور بتایا کہ جعفر ایکسپریس جمعے کو کوئٹہ سے پشاور واپس آئے گی۔
وزیر ریلوے حنیف عباسی نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ بولان میل جو پہلے ہفتے میں صرف 2 دن چلتی تھی، اب روزانہ کی بنیاد پر چلائی جائے گی تاکہ عوام کو بہترین سفری سہولت مل سکے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ "جو لوگ بلوچستان کی ترقی روکنا چاہتے تھے، وہ آج مایوس ہوئے ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف قوم متحد ہے اور ہم سب کو اس کے خلاف جنگ میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔” انھوں نے مزید کہا کہ "کوئی سیاست نہ کرے، کیونکہ مخصوص جماعتیں نفرت اور شر انگیزی کا مظاہرہ کر رہی ہیں، اور اس طرح کی سیاست سے بلوچستان کی ترقی متاثر ہو رہی ہے۔”
یاد رہے کہ دو ہفتے قبل بلوچستان کے علاقے بولان میں دہشت گردوں نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کیا تھا، جس میں خواتین اور بچوں سمیت تمام مسافروں کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔اس واقعے کے بعد ملک بھر میں دہشت گردی کے خلاف عزم مزید مضبوط ہوا ہے اور حکومتی اقدامات کے تحت ٹرین سروسز کا دوبارہ آغاز کیا گیا ہے تاکہ عوام کو سفر کی سہولت فراہم کی جا سکے اور دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنایا جا سکے۔








