لاہور:جہانگیرترین اب اہم ترین نہ رہے:ساتھی ساتھ چھوڑنے لگے ،اطلاعات کے مطابق پاکسان کے اہم ترین سیاستدان ، وزیراعظم عمران خان کے رازدان جہانگیرترین جوکہ چند ماہ قبل اہم ترین بن گئے تھے اب ان کے اپنے ساتھی ان کا ساتھ چھوڑتے ہوئے نظرآرہےہیں
ذرائع کےمطابق جہانگیرترین کے حوالے سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ وہ اس طرزعمل پربہت زیادہ پریشان ہیں ، ادھر تازہ ترین اطلاعات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے جہانگیر ترین گروپ کے مزید اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقات کر کے ان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ترین گروپ کے نعمان لنگڑیال، خواجہ داؤد سلمانی اور عبد الحئی دستی نے ملاقات کی۔ذرائع کے مطابق ملاقات کرنے والے رہنماؤں نے عثمان بزادر کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ پارٹی اور اس کی قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
رکن پنجاب اسمبلی نذیر چوہان پہلے ہی ترین گروپ سے علیحدگی اختیار کر چکے ہیں جبکہ سردار خرم لغاری نے بھی گزشتہ روز وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات کی تھی۔
ذرائع ایوان وزیر اعلیٰ نے جہانگیر ترین گروپ کے مزید اراکین کی جانب سے بھی رابطوں کا دعویٰ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ترین گروپ کے مزید اراکین وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کریں گے۔
ادھر ذرائع نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ خود جہانگیرترین بھی اپنے محبوب قائد سے ناراضگی ختم کرنا چاہتےہیں اورچند دن تک وہ بھی ملاقات کرنے کا ارادہ رکھتےہیں ، اس حوالے سے یہ بھی معلوم ہوا ہےکہ کسی خاص دوست کے ذریعے عمران خان تک پیغام پہنچا دیا گیا ہے