وزیرآباد کے نواحی علاقے کالا سکّے میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے، جہاں نئی نویلی دلہن رخسار کو مبینہ طور پر اس کے سسرالیوں نے تیزاب پلانے کے بعد قتل کر دیا۔ اس اندوہناک واقعے نے پورے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے۔

گوجرانوالہ کی رہائشی 22 سالہ رخسار کی شادی 12 ستمبر 2025ء کو کالا سکّے کے رہائشی الطاف حسین سے ہوئی تھی۔ شادی کے چند ہی دن بعد سسرالیوں کے رویے میں تبدیلی دیکھی گئی، اور مقتولہ کے اہلِ خانہ کے مطابق یہ تنازعہ جہیز میں کمی کے باعث شروع ہوا۔اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ رخسار کے سسرالی خصوصاً اس کی ساس اور دیور اسے جہیز کے حوالے سے طعنے دیتے اور ذہنی طور پر اذیت دیتے رہے۔ مقتولہ کے بھائی نے الزام عائد کیا ہے کہ رخسار کو اس کے شوہر الطاف حسین اور ساس نے زبردستی تیزاب پلایا، جس کے نتیجے میں اس کی حالت تشویشناک ہوگئی۔رخسار کو فوری طور پر ضلع ہیڈکوارٹر اسپتال (ڈی ایچ کیو) منتقل کیا گیا، تاہم وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی احمد نگر چھٹہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور ابتدائی کارروائی کے دوران شوہر الطاف حسین اور اس کی والدہ کو حراست میں لے لیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔پولیس کے مطابق ملزمان سے ابتدائی تفتیش جاری ہے۔ دوسری جانب ملزم شوہر الطاف حسین نے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ رخسار نے خود تیزاب پیا، ہم نے اسے کسی قسم کی زبردستی نہیں کی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جا رہی ہے، جبکہ مقتولہ کے اہلِ خانہ نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پولیس سے اپیل کی ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

Shares: