ڈیرہ غازی خان: جیل،ملاقات سسٹم شفاف، الزامات بے بنیاد، سپرنٹنڈنٹ جیل

ڈیرہ غازیخان (باغی ٹی وی رپورٹ ) سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل محمد زبیر احمد خان چیمہ نے جیل کے ملاقات سسٹم پر لگائے گئے الزامات کو مکمل طور پر جھوٹا، من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل میں تمام اسیران کی ملاقاتیں باقاعدہ شیڈول کے مطابق کروائی جاتی ہیں اور یہ سسٹم مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ ہے۔ ملاقات کا شیڈول مین گیٹ کے باہر، ویٹنگ شیڈ کے اندر اور بیرون علاقوں میں واضح طور پر آویزاں کیا گیا ہے تاکہ اسیران کے لواحقین کو کوئی مشکل پیش نہ آئے۔

محمد زبیر احمد خان چیمہ نے بتایا کہ ہر اسیر کی ملاقات ہفتے میں صرف ایک بار مقررہ وقت پر ہوتی ہے اور اس کا اندراج پی ایم آئی ایس (Prison Management Information System) کے ذریعے کیا جاتا ہے، جو کہ لاہور کے ہیڈ آفس سے منسلک ہے۔ ملاقات کے اس کمپیوٹرائزڈ نظام میں بغیر شیڈول کسی ملاقات کا اندراج ممکن نہیں ہے، اس لیے کسی بھی غیر متعلقہ ملاقات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

سپرنٹنڈنٹ نے مزید وضاحت کی کہ جیل میں ملاقاتوں کا تمام عمل سی سی ٹی وی کیمروں کی زیر نگرانی میں ہوتا ہے، اور یہ کیمرے آئی جی آفس سے منسلک ہیں۔ ملاقات شیڈ میں تعینات ملازمین کی ڈیوٹی ہفتہ وار بنیاد پر تبدیل کی جاتی ہے، اور کوئی بھی ملازم مستقل طور پر ملاقات کے عمل پر تعینات نہیں ہوتا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جیل میں کسی بھی ملازم کو اسیران یا ان کے لواحقین سے پیسے لینے یا غیر اخلاقی رویے کی اجازت نہیں ہے۔ بلکہ یہاں تک کہ کسی ملازم کو اسیران کے لواحقین سے ہاتھ ملانے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ روزانہ ایک گھنٹے کے لیے ویٹنگ شیڈ میں موجود رہتے ہیں تاکہ اسیران کے لواحقین کے مسائل کو سن سکیں اور ان کا حل نکال سکیں۔ اس کے علاوہ مختلف اوقات میں وہ خود بھی اچانک مین گیٹ اور ملاقات شیڈ کا دورہ کرتے ہیں تاکہ ہر چیز کو شفاف اور قانون کے مطابق رکھا جا سکے۔

محمد زبیر احمد خان چیمہ نے کہا کہ خبر میں لگائے گئے تمام الزامات جھوٹے، بے بنیاد اور بدنیتی پر مبنی ہیں۔ یہ الزامات صرف ان عناصر کی جانب سے لگائے جا رہے ہیں جو جیل کے نظام کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے ان الزامات کو تخریب کار اور جھوٹا پروپیگنڈا قرار دیا جس کا مقصد صرف انتشار پھیلانا ہے۔

سپرنٹنڈنٹ نے آخر میں کہا کہ ان کی ٹیم کے حوصلے بلند ہیں، اور وہ پریزن رولز کی مکمل پیروی کرتے ہوئے اپنے فرائض ایمانداری اور دیانت داری سے سر انجام دیتے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے فرائض منصبی میں کسی بھی طرح کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی اور عوام کی بے لوث خدمت جاری رکھی جائے گی۔

Leave a reply