اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں اڈیالہ جیل میں قید کی موجودہ ناقص اور نامناسب صورتحال کو اجاگر کرتے ہوئے بہتر سہولیات کی فراہمی کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے قیدیوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں روڑے اٹکائے ہیں، جس کی وجہ سے قید کا ماحول انتہائی خراب اور ناقابل برداشت ہو گیا ہے۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ قیدیوں کو اخبار، ٹی وی، ورزش کے آلات اور دیگر تفریحی سامان تک رسائی نہیں دی جا رہی، جس سے ان کی جسمانی اور ذہنی صحت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ ذاتی لباس اور بستر فراہم کرنے میں بھی تاخیر کی جا رہی ہے، جبکہ ذاتی ڈاکٹر کے معائنے میں مسلسل رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں۔ عدالت سے منظور شدہ طبی پینل کی سہولیات فراہم کرنے میں بھی جان بوجھ کر کوتاہی برتی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں، جیل میں بجلی کی بلا جواز بندش بھی معمول بن چکی ہے، جس سے قیدیوں کی زندگی مزید دشوار ہو گئی ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ جیل انتظامیہ کو فوری طور پر قیدیوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے تاکہ ان کے بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ ساتھ ہی درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ عدالتی احکامات کے باوجود بیرونِ ملک موجود بیٹوں سے قیدیوں کی بات چیت نہیں کروائی جا رہی، جو کہ قیدیوں کے حق میں سنگین خلاف ورزی ہے۔

Shares: