جیل سے قیدی فرار ہونے پر7 پولیس اہلکار گرفتار
آزاد کشمیر کی راولاکوٹ جیل کی سکیورٹی پر مامور 7 اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے تو وہیں آئی جی جیل خانہ جات کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے
حکومت کی جانب سے جیل سے فرار ہونے والے قیدیوں کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کے لیے چیف جسٹس ہائی کورٹ کو استدعا کی گئی ہے۔پولیس کے مطابق قیدیوں کے فرار ہونے میں جیل عملہ ملوث ہو سکتا ہے، جیل سے 19 قیدی فرار ہو گئے تھے، قیدیوں کے فرار کے معاملے پر انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، پولیس اور قیدیوں کے درمیان فائرنگ سے ایک قیدی ہلاک ہوا تھا،پولیس کے مطابق قیدیوں نے جیل عملے کو یرغمال بنایا اور فرار ہوگئے، فرار قیدی دہشتگردی، قتل اور منشیات فروشی کے جرائم میں قید تھے۔فرار ہونے والے قیدیوں میں سے چھ سزائے موت کے قیدی تھے،واقعہ کے بعد آزاد کشمیر میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے، مفرور قیدیوں کی تلاش کے لیے چھاپے اور سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے
دوسری جانب وزارت داخلہ آزاد کشمیر نے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر مقدمہ علت نمبر 102/23 برائے انسداد دہشتگری ملزمان کو ڈسٹرکٹ جیل راولاکوٹ سے میرپور منتقل کرنے کے لئے خط لکھ دیا، عدالتی رضامندی کے بعد ملزماں کو میرپور جیل منتقل کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں جیل سے قیدیوں کے فرار پر تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے،محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق راولاکوٹ جیل سے قیدیوں کے فرار پر انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس کے چیئرمین سیکریٹری ان لینڈ ریونیو محمد رقیب ہوں گے، کمیٹی کے ممبران میں کمشنر پونچھ سردار وحید اور ڈی آئی جی پونچھ شہریار شامل ہیں، کمیٹی قیدیوں کے فرار میں جیل حکام کے ملوث ہونے اور دیگر معاملات کا جائزہ لے گی۔