جلالپورپیروالا(باغی ٹی وی رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سیلاب زدگان کا دکھ بانٹنے کے لیے ملتان کی تحصیل جلالپور پیر والا پہنچ گئیں۔ انہوں نے گورنمنٹ کالج جلالپور پیر والا فلڈ ریلیف کیمپ کا دورہ کیا اور متاثرین میں گھل مل گئیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے متاثرہ خواتین کو گلے لگا کر دلاسہ دیا اور ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے متاثرہ بچوں سے شفقت کا اظہار کرتے ہوئے خود ڈش لے کر کھانا پیش کیا اور ایک ننھے بچے کے منہ میں زردے کا نوالہ ڈال کر پیار کیا۔
سیلاب متاثرین کے لیے خصوصی کھانے کا اہتمام بھی وزیر اعلیٰ نے خود ترتیب دیا اور بچوں میں کھانا تقسیم کیا۔ خواتین اور بچوں کو پھل بھی فراہم کیے گئے۔ ایک موقع پر مریم نواز نے ہچکیاں لے کر رونے والی خاتون کو گلے لگا کر تسلی دی جبکہ بزرگ خاتون کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھایا۔
فلڈ ریلیف کیمپ میں موجود ایک بزرگ شہری نے جذباتی انداز میں کہا: “حیاتی ہووے، ساڈی دھی آئی ایں۔ آپ پر دکھ آیا تو ہم روتے تھے، آج ہم تکلیف میں ہیں تو آپ ہمارے ساتھ ہیں۔”
دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثا کو امدادی رقوم کے چیک دیئے اور کنگ سلمان ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر و پی ڈی ایم اے کی جانب سے فوڈ پیکٹ اور دیگر سامان بھی تقسیم کیا۔