پی ٹی آئی کا 28 ستمبر کو راولپنڈی میں جلسے کی بجائے احتجاج کا فیصلہ

پٹیشن پی ٹی آئی کے وکیل محمد فیصل ملک ایڈووکیٹ نے واپس لی
0
31
pti jalsa

اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما ایڈووکیٹ نیاز اللہ نیازی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر سپریم کورٹ کے باہر پرامن احتجاج کیا جائے گا، جو ہمارا آئینی و قانونی حق ہے۔

باغی ٹی وی :28 ستمبر کو راولپنڈی میں جلسے کے معاملے پر تحریک انصاف کی جانب سے لاہورہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں دائر پٹیشن واپس لے لی گئی، پی ٹی آئی نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے این او سی جاری نہ کرنے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں پٹیشن دائر کی تھی جو آج سماعت کے لیے مقرر تھی تاہم بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کل اڈیالہ جیل سے راولپنڈی جلسے کے لیے دائر پٹیشن واپس لینے کی ہدایت کی تھی، پٹیشن پی ٹی آئی کے وکیل محمد فیصل ملک ایڈووکیٹ نے واپس لی۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ انتظامیہ اور عدالتوں نے ہمیں جلسے کی اجازت نہیں دینی جلسے کے بجائے 28 ستمبر کو راولپنڈی میں احتجاج ہو گا، ہم لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ سے درخواست واپس لے رہے ہیں، ہمیں معلوم ہے کہ انتظامیہ جلسے کی اجازت نہیں دے گی تو پھر بھی عوام باہر نکلیں گے، جلسے کے بجائے اب ہم راولپنڈی میں ہفتے کو بھرپور احتجاج کریں گے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے راولپنڈی میں احتجاج کے پیش نظر خیبرپختونخوا کے کارکنوں اور عہدیداروں کو کل 10 بجے نکلنے کی ہدایت کردی گئی،وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی اور تنظیمی عہدیداروں کا اجلاس ہوا، جس میں عہدیداروں اور ارکان اسمبلی کو کارکنوں کے ہمراہ راولپنڈی پہنچنے کی ہدایت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پی ٹی آئی کارکنوں کو صبح 10 بجے پشاور سے نکلنے کی ہدایت کی گئی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا 11 بجے صوابی پہنچیں گے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور صوابی سے قافلے کی شکل میں پنڈی روانہ ہوں گے، کارکنوں کو مکمل تیاری کے ساتھ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ٹی آئی کارکنوں کو یہ بھی ہدایات کی گئی ہیں کہ جلسہ نہیں احتجاج ہوگا۔

Leave a reply