جدہ: وفاقی وزیر برائے تجارت، جام کمال خان نے سعودی عرب کے شہر جدہ میں پہلی ’’میڈ اِن پاکستان‘‘ نمائش کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس نمائش کا مقصد پاکستانی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ میں متعارف کرانا اور پاکستان کے معاشی شعبے میں بہتری لانے کے لیے سعودی عرب کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
جام کمال خان نے اپنے خطاب میں پاک سعودی تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، اور اس نمائش کا انعقاد دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات کے لیے ایک نیا سنگ میل ثابت ہوگا۔
’’میڈ اِن پاکستان‘‘ نمائش میں پاکستان کی 137 کمپنیوں نے شرکت کی، جن میں ٹیکسٹائل، کھیلوں کا سامان، خوراک، اور تعمیراتی مواد کی مصنوعات شامل ہیں۔ وزیرِ تجارت نے ان مصنوعات کی عالمی معیار کی اہمیت کو اجاگر کیا اور سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دی۔
جام کمال خان نے سعودی عرب میں پاکستانی نوجوانوں کی مہارت بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ اقدامات پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعاون سے پاکستانی نوجوانوں کو نئی مہارتیں سیکھنے کا موقع ملے گا، جس سے دونوں ممالک کی معیشتوں کو فائدہ پہنچے گا۔وزیرِ تجارت نے اس موقع پر پاکستانی فٹبال مینوفیکچرنگ انڈسٹری کا بھی تعارف کرایا۔ انہوں نے سعودی عرب کو 2034 فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی جیتنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستانی فٹبالز اپنے معیار کی بدولت فیفا ورلڈ کپ 2034 میں بھی اپنی شناخت برقرار رکھیں گے۔جام کمال خان نے سعودی عرب میں مقیم 27 لاکھ پاکستانی تارکین وطن کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی، جو پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان روابط اور دو طرفہ تعلقات کا اہم ستون ہیں۔
وزیرِ تجارت نے سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس نمائش کے انعقاد میں بھرپور تعاون کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ تجارتی تعلقات کی استحکام کے لیے یہ نمائش ایک اہم قدم ہے، جو دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔جام کمال خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستانی مصنوعات عالمی معیار کی ہیں اور ان کا عالمی مارکیٹ میں ایک اہم مقام ہے۔ انہوں نے سعودی عرب میں پاکستانی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو سراہا اور کہا کہ یہ نمائش دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کے مزید فروغ کا باعث بنے گی۔جام کمال خان نے سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ سعودی سرمایہ کار پاکستانی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کر کے دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں۔