امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر اتوار 29 ستمبر کو پورے ملک میں شاہراہوں پر دھرنے دیے جائیں گے اور مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جماعت اسلامی کل ملک بھر میں حزب اللہ کے رہنما حسن نصراللہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ بھی کرے گی۔ حکومت کی جانب سے راولپنڈی معاہدہ پر عمل درآمد نہ کرنے پر ہونے والے احتجاج میں جماعت اسلامی کے قائدین، کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہو گی۔
سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف کے بیان کے مطابق امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کراچی میں دھرنا سے خطاب کریں گے۔ کراچی میں 12مقامات پر دھرنے دیے جائیں گے۔ اسلام آباد میں ہونے والے دھرنے سے نائب امیر میاں اسلم خطاب کریں گے۔نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم، امیر صوبہ وسطی پنجاب جاوید قصوری اور امیر لاہور ضیا الدین انصاری ایڈووکیٹ بیکھے وال موڑ لاہور پر ہونے والے دھرنے سے خطاب کریں گے۔

امیر صوبہ شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم گجرات میں ہونے والے دھرنے سے خطاب کریں گے، ملتان گھنٹہ گھر چوک میں ہونے والے دھرنا سے امیر صوبہ جنوبی پنجاب راؤ ظفرو دیگر مقامی قیادت خطاب کرے گی، امیر صوبہ سندھ محمد حسین محنتی عمر کوٹ جب کہ قیم صوبہ کاشف سعید شیخ لاڑکانہ میں ہونے والے دھرنے اور مظاہرے سے خطاب کریں گے۔ حیدرآباد، گھوٹکی، نواب شاہ، ٹھٹہ، کندھ کوٹ، سکرنڈ، بدین میں مرکزی شاہراہوں پر دھرنے دیے جائیں گے۔
فیصل آباد، گوجرانوالہ، ساہیوال، شیخوپورہ، بہاولپور، ڈی جی خان، تونسہ سمیت پنجاب کے دیگر شہروں کی شاہراہوں پر دھرنے ہوں گے۔ بلوچستان کے درالحکومت کوئٹہ میں امیر جماعت اسلامی عبدالحق ہاشمی، جب کہ گوادر میں ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ خطاب کریں گے۔ امیر صوبہ کے پی پروفیسر محمد ابراہیم بنوں میں جب کہ قیم صوبہ مردان میں بڑے دھرنوں سے خطاب کریں گے۔
پشاور ہشت نگری پر دھرنا دیا جائے گا جس سے جماعت اسلامی کی قیادت خطاب کرے گی۔ مزید برآں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے حسن نصر اللہ کی شہادت پر حزب اللہ کے رہنما کی قربانیوں اور جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور جنت میں ان کے لیے اعلیٰ درجات کی دعا کی ہے۔ انھوں نے حسن نصراللہ کی صاحبزادی زینب اور دیگر رفقائے کار کی درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے اور شہدا کے لواحقین، اہل لبنان و فلسطین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

عمران خان کی اسرائیل کو تسلیم کرنے کی خفیہ کاوشوں کیخلاف دینی جماعتوں کا احتجاج

سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حسن نصراللہ نے ساری زندگی ناجائز اسرائیلی ریاست کے خلاف مزاحمت کی اور عظیم مقصد کی خاطراپنی جان قربان کردی۔ خدا حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت قبول فرمائے، ان شاء اللہ مزاحمت جاری رہے گی۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اجلاس کے دوران لبنان، غزہ پر حملوں سے ثابت ہوگیا اقوام متحدہ ناکارہ ادارہ ہے اور یہ عالمی طاقتوں کے مفادات کا تحفظ کرنے والی بین الاقوامی تنظیم ہے۔
انھوں نے کہا کہ مسلم حکمرانوں اور افواج کو سوچنا ہوگا وہ اس وقت کہاں اور کس کے ساتھ کھڑے ہیں؟ انھوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی 7اکتوبر سے اہل فلسطین و لبنان سے ہفتہ اظہار یکجہتی کے طور پر منائے گی اور اس دوران پورے ملک میں جلسے جلسوس اور کراچی اور اسلام آباد میں ملین مارچز کا انعقاد ہو گا۔

Shares: