اوچ شریف:جامع مسجد و قبرستان اوچ موغلہ کی بے حرمتی جاری، حکام نوٹس نہ لے سکے

اوچ شریف، باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) مغلیہ دور کی تاریخی جامع مسجد اور قبرستان اوچ موغلہ کی تقدس کی پامالی اور بے حرمتی کا سلسلہ طویل عرصے سے جاری ہے، جس کی روک تھام کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے جا رہے۔

اس تاریخی اور مذہبی مقام کی چار دیواری نہ ہونے کے باعث قبرستان کی زمین مسلسل سکڑ رہی ہے جبکہ ناجائز قابضین نے اس پر قبضہ جما رکھا ہے۔ قبرستان میں قبروں پر جانور باندھے جا رہے ہیں اور آوارہ کتے اور گدھے اس مقدس مقام کی بے حرمتی میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔

بدقسمتی سے اربابِ اختیار اور منتخب نمائندگان (ایم این ایز اور ایم پی ایز) اس سنگین مسئلے پر خاموش ہیں۔ مقامی عوام کا کہنا ہے کہ قبرستان کے اندر سیوریج کا پانی چھوڑا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف اس تاریخی مقام کی بے حرمتی ہو رہی ہے بلکہ فضائی آلودگی اور صحت کے مسائل بھی بڑھ رہے ہیں۔

علاقے کے مکینوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر قبرستان کی زمین کو ناجائز قابضین سے واگزار کرایا جائے اور چار دیواری کی تعمیر کے احکامات جاری کیے جائیں۔ انہوں نے وزیرِاعظم، وزیرِاعلیٰ پنجاب اور ڈپٹی کمشنر بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس مسئلے پر فوری نوٹس لے کر اس مقدس مقام کی حرمت بحال کریں تاکہ مرنے والوں کی آخری آرامگاہ محفوظ رہ سکے۔

Comments are closed.