کوٹ چھٹہ،باغی ٹی وی(تحصیل رپورٹرمریدٹالپور)راجن پور کی تحصیل جامپور میں بااثر زمیندار کی غریب کسان پر زمین تنگ، فصل لوٹ لی، پولیس پر ملی بھگت کا الزام
تفصیلات کے مطابق راجن پور کی تحصیل جام پور کے نواحی علاقے موضع کوٹ جانو بستی قریشی میں بااثر زمیندار علی ظفر وٹو نے مبینہ طور پر غریب کسان جاوید احمد قریشی کی گندم کی تیار فصل زبردستی کمبائن مشین سے کاٹ کر اٹھا لی۔ متاثرہ کسان کا الزام ہے کہ زمیندار نے سیاسی پشت پناہی اور پولیس کو بھاری رشوت دے کر اشتہاری افراد کے ہمراہ مسلح ہو کر گزشتہ رات اس کے دو قلے رقبے پر قبضہ کیا اور فصل لوٹ لی۔
جاوید قریشی کا کہنا ہے کہ اس نے علی ظفر وٹو کے رشتہ دار سے قانونی طریقے سے زمین خریدی، جس پر زمیندار رنجش رکھتا ہے۔ 15 پر متعدد کالز کے باوجود پولیس حرکت میں نہ آئی بلکہ الٹا اس کے کزن کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کیا گیا اور دونوں پر تشدد کیا گیا تاکہ وہ زمین فروخت کرنے پر مجبور ہوں۔
متاثرہ کسان نے وزیراعلیٰ پنجاب، کمشنر، آر پی او اور ڈی پی او راجن پور سے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر شنوائی نہ ہوئی تو وہ اپنے اہل خانہ سمیت وزیر ہاؤس کے سامنے خودسوزی پر مجبور ہوگا۔