لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ) گورنمنٹ ڈگری کالج جمرود میں نئے طلباء کے اعزاز میں ویلکم پارٹی کا انعقاد کیا گیا، جس میں کالج کے پرنسپل، اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے یوتھ نائب صدر اور آفریدی میڈیکل کمپلیکس کے اونر شاجہان آفریدی تھے، جنہیں روایتی لونگی پہنائی گئی۔
تقریب کے دوران سیکنڈ ائیر کے طلباء نے فرسٹ ائیر کے نئے آنے والے طلباء کو خوش آمدید کہا۔ مہمان خصوصی شاجہان آفریدی نے طلباء کے لیے 50 ہزار روپے کی مالی معاونت کا اعلان کرتے ہوئے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاجہان آفریدی نے کہا کہ "طلباء کو اپنی صلاحیتوں کی قدر کرتے ہوئے مکمل طور پر تعلیم پر توجہ دینی چاہیے اور وقت ضائع نہیں کرنا چاہیے۔” انہوں نے مزید کہا کہ "نوجوانوں کو منشیات اور بری صحبت سے دور رہنا ہوگا تاکہ وہ ایک کامیاب اور روشن مستقبل حاصل کر سکیں۔”
تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں طلباء نے اس موقع پر اپنی بھرپور شرکت پر مسرت کا اظہار کیا۔