جمرود:کوکی خیل متاثرین کا دھرناچھٹے روزمیں داخل، حکومت کا وعدہ کہاں گیا؟

لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ))جمرود میں تیراہ راجگال کوکی خیل متاثرین کا پاک افغان شاہراہ کو بلاک کرکے دھرنا چھٹے روز بھی جاری ہے۔ متاثرین اپنی مکمل واپسی اور بحالی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ حکومت کے وعدے کے باوجود ابھی تک چالیس فیصد علاقے کی واپسی نہیں ہوئی ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ضلع خیبر کی تحصیل جمرود تاریخی باب خیبر کے مقام پر تیراہ راجگال کوکی خیل متاثرین کا اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی دھرنا آج چھٹے روز بھی جاری رہا ،جس میں متاثرین کی مکمل واپسی کے مطالبے کے لیے پاک افغان شاہراہ پر احتجاجی مظاہرہ بھی ہوا جس میں مظاہرین نے بینرز و کالی جھنڈیاں اٹھا رکھ کر شدید نعرے بازی کی۔

احتجاجی مظاہرین نے اسسٹنٹ کمشنر جمرود آفس کے سامنے بھی دھرنا دیا اور اندورنی راستے کو بند کردیا۔

احتجاجی مظاہرے سے ملک نصیر احمد کوکی خیل،حاجی براکت افریدی،حاجی زرمیم آفریدی،زوان کوکی خیل اتحاد کے صدر ثناءاللہ آفریدی ،حسین آفریدی ،محمد اشفاق افریدی و دیگر نے کہا کہ حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ تیراہ راجگال کوکی خیل متاثرین کو خروالے گنڈاو تک باعزت واپسی کی جائے گی تاہم حکومت اپنا وعدہ ایفا کرنے میں ناکام ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے کہنے پر اپنے گھر اور اپنے علاقے کو چھوڑ کر کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں لیکن تاحال چالیس پرسنٹ علاقے کی واپسی ابھی تک نہیں ہوئی.

Leave a reply