لنڈی کوتل(باغی ٹی وی رپورٹ)جمرود میں جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) جمرود کے زیر اہتمام 25 فروری کو ایک فضلاء کانفرنس اور دستار بندی پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ پروگرام حاجی محمد کریم کے حجرے میں منعقد ہوگا اور اس میں کثیر تعداد میں علماء کرام، مشائخ عظام اور طلباء شرکت کریں گے۔
جے یو آئی جمرود کے امیر مولانا سعید خان نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ کانفرنس کے مہمان خصوصی سابق ایم این اے و شیخ الحدیث مولانا محمد قاسم آف شیر گڑھ ہوں گے۔ کانفرنس میں مختلف مدارس سے فارغ التحصیل طلباء کی دستار بندی کی جائے گی اور جمرود کی سطح پر سکولوں میں میٹرک میں پوزیشن ہولڈرز طلباء کو بھی انعامات سے نوازا جائے گا۔
مولانا سعید خان نے مزید کہا کہ دینی مدارس نے ہمیشہ ملک و قوم کو فضلاء و علماء دیے ہیں اور ان علماء و فضلاء نے معاشرے میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے اور ہمارے علماء و فضلاء دین کے ساتھ ساتھ معاشرے میں مختلف برائیوں کو روکنے کے لیے بھی موثر آواز اٹھاتے ہیں۔
جے یو آئی جمرود کے امیر نے جمرود کے عوام کو 25 فروری کو فضلاء کانفرنس و دستار بندی پروگرام میں کثیر تعداد میں شرکت کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں جے یو آئی کے صوبائی و ضلعی قائدین بھی شریک ہوں گے۔