خیبر سپورٹس فیسٹیول 2024 کا شاندار اختتام،کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم

جمرود(باغی ٹی وی رپورٹ) محکمہ کھیل خیبرپختونخوا اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے منعقد ہونے والا خیبر سپورٹس فیسٹیول 2024 اختتام پذیر ہوگیا۔ اختتامی تقریب اور انعامات کی تقسیم کی شاندار تقریب جمرود سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی، جس میں کھلاڑیوں اور شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خیبر، احسان اللہ مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر جمرود ڈاکٹر عامر زیب، صوبائی وزیر سی اینڈ ڈبلیو کے فوکل پرسن نوید آفریدی، ڈی ایس او راہد گل ملاگوری، اور ایڈیشنل ایس ایچ او غفار خان سمیت مختلف شعبوں سے وابستہ شخصیات بھی موجود تھیں۔

اختتامی تقریب کے دوران زیڈ ایس کلب اور اسٹار کلب کے درمیان فٹبال کا فائنل میچ بھی کھیلا گیا۔ مقابلہ انتہائی سنسنی خیز رہا اور پینلٹی ککس کے ذریعے زیڈ ایس کلب نے اسٹار کلب کو شکست دے کر فتح اپنے نام کی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احسان اللہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 10 اکتوبر سے ضلع خیبر کے تینوں تحصیلوں جمرود، باڑہ، لنڈی کوتل اور ملاگوری میں مختلف کھیلوں کے مقابلے کامیابی کے ساتھ منعقد کیے گئے۔ ان مقابلوں میں کرکٹ، فٹبال، اور والی بال کے کھیل شامل تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبر سپورٹس فیسٹیول کا مقصد نوجوانوں کو مثبت تفریح اور کھیل کے مواقع فراہم کرنا تھا تاکہ ان کے ٹیلنٹ کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا، "ضلع خیبر کھیلوں کے لحاظ سے زرخیز خطہ ہے، اور یہاں کے کئی کھلاڑیوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے۔”

احسان اللہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ کھیل خیبر کے ساتھ مل کر آئندہ بھی ایسے ایونٹس منعقد کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے تینوں تحصیلوں کے مختلف فائنل مقابلوں کے ونرز اور رنرز اپ ٹیموں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کیے۔

Comments are closed.