امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امکان ظاہر کیا ہے کہ امریکا اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری جنگ میں شامل ہوسکتا ہے۔
امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ٹی وی کی سینیئر صحافی ریچل اسکاٹ سے آف کیمرا گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ممکن ہے کہ ہم ایران اور اسرائیل کی اس لڑائی میں شامل ہو جائیں، لیکن انہوں نے ساتھ یہ بھی واضح کیا کہ اس وقت امریکا کسی فوجی کارروائی میں ملوث نہیں ہے،ٹرمپ نے اس بات پر آمادگی ظاہر کی کہ ایران اسرائیل جنگ میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اگر ثالثی کا کردار ادا کریں تو وہ اس کے لیے کھلے دل سے تیار ہیں،ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات جاری ہیں اور ان کے بقول اب جب کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان شدید فضائی حملے ہو رہے ہیں، ایران ممکنہ طور پر معاہدے کے لیے زیادہ آمادہ ہوگا۔
یاد رہے کہ جمعہ کی صبح اسرائیل کی جانب سے ایران پر بڑے حملے اور پھر ایران کی جانب سے جوابی کارروائی کے بعد خطے کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہو چکی ہے۔