ٹھٹھہ:جنگشاہی میں پانی اور بجلی کی بندش پر شہریوں نے احتجاج

شہری ’’پینے کو پانی دو جینے کو پانی دو‘‘ "پانی نہیں کیوں بھلا کربلا کربلا" کے نعرے لگاتے رہے

ٹھٹھہ ،باغی ٹی وی ( بلاول سموں کی رپورٹ) ضلع ٹھٹھہ کے جنگشاہی شہر میں پانی کی عدم دستیابی اور بجلی کی مکمل لوڈشیڈنگ کے خلاف شہریوں نے احتجاج کیا۔

جنگشاہی پریس کلب کے سامنے شہریوں نے ’’پینے کو پانی دو جینے کو پانی دو‘‘ "پانی نہیں کیوں بھلہ کربلا کربلا” کے نعرے لگاتے ہوئے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

احتجاج کی سربراہی کرتے ہوئے رہنمائوں منیر بروہی، حاجی رفیق جوکھیو، قادر شیخ، افسار جوکھیو اور دیگر نے کہا کہ ہمارے منتخب نمائندوں کی عدم دلچسپی اور لاپرواہی کی وجہ سے جنگشاہی کے عوام پانی اور بجلی کو ترسنے لگے ہیں۔ کیونکہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پانی کی شدید قلت ہونے لگی ہے۔

جنگشاہی کے غریب عوام پہلے ہی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی سے پریشان ہیں، اس گرمی میں بجلی کے طویل لوڈ نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے، جس کے باعث پانی کی بھی شدید قلت پیدا وگئی ہے۔

غریب لوگوں کے پاس اتنے پیسے نہیں کہ وہ 50 روپے میں پانی کا ڈبہ خرید سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کروڑوں کی لاگت سے بنائی گئی واٹر سپلائی سکیم بھی ناکامی کا شکار ہو چکی ہے، شہر کی پرانی واٹر سپلائی لائن بھی جگہ جگہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جس کی وجہ سے پانی کی قلت برقرار ہے۔

انہوں نے ڈی سی ٹھٹھہ چیئرمین ٹھٹھہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ان جائز مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے اور جنگشاہی کے عوام کی بے چینی کو دور کیا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ کار بڑھایا جائے گا۔

Leave a reply