سیاحتی علاقوں میں قبل از وقت حفاظتی اقدامات کو فعال کیا جائے ،خالد مسعود سندھو
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے اسلام آباد،راولپنڈی، دیامر اور مری میں شدید بارشوں، سیلابی صورتحال اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ہی خاندان کے افراد کی موت اور سیلاب سے دیگر علاقوں میں ہونے والے نقصانات پر قوم غمزدہ ہے، ہم تمام متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔”
خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہئے کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کو تیز کیا جائے اور لاپتا افراد کی فوری تلاش کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں،ہاؤسنگ سوسائٹیز اور شہری ادارے بارشوں اور نالوں کی نکاسی کے مؤثر انتظامات کریں تاکہ ایسے دلخراش واقعات دوبارہ نہ ہوں،سیاحتی علاقوں میں قبل از وقت حفاظتی اقدامات، ٹریفک کنٹرول، اور موسم کی پیشگی اطلاع کے نظام کو فعال کیا جائے تاکہ سیاح محفوظ رہ سکیں، قدرتی آفات کو مکمل طور پر روکا نہیں جا سکتا، لیکن مؤثر حکمت عملی، بروقت اقدامات اور ریاستی اداروں کی فعال موجودگی سے نقصانات کو کم کیا جا سکتا ہے، ضلعی اور صوبائی سطح پر ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے تاکہ مزید جانیں نہ جائیں،قومی سطح پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ پلان پر فوری نظرِثانی کی جائے،تمام حساس علاقوں میں ہنگامی ریسکیو و ریلیف کےمراکز قائم کیے جائیں،سیاحتی علاقوں میں موبائل وارننگ سسٹم، وائرلیس الرٹس اور موسمی ایپلی کیشنز کو فعال کیا جائے۔