ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی،نامہ نگاراحسان اللہ ایاز) ننکانہ صاحب میں 326 ویں بیساکھی میلے کی جنم خالصہ تقریبات کے دوران کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 250 ریسکیو افسران اور ریسکیورز مرکزی گردوارہ جنم استھان میں ہمہ وقت تیار تھے۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے بتایا کہ تین روزہ تقریبات کے دوران دنیا بھر سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں کو ریسکیو کور فراہم کیا گیا۔ ریسکیو 1122 کے عملے نے اس دوران 56 یاتریوں کو موقع پر ہی فوری ابتدائی طبی امداد فراہم کی جبکہ مزید 19 یاتریوں کو بہتر علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کیا گیا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ اہم مقامات پر ریسکیو موبائل ٹیمیں، میڈیکل ریسکیو پوسٹیں، فائر سیفٹی پوسٹیں، دریائے راوی پر واٹر ریسکیو پوسٹ اور ریپڈ ریسپانس ٹیمیں مکمل طور پر ہائی الرٹ رہیں اور انھوں نے مکمل ریسکیو کور فراہم کیا۔

دنیا بھر سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں نے ریسکیورز کی جانب سے فراہم کی جانے والی ہمہ وقت اور بروقت بھرپور معاونت کو سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے اس بین الاقوامی میگا ایونٹ کے کامیاب اختتام پر ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں فرائض سرانجام دینے والے تمام ریسکیورز کو خراج تحسین پیش کیا۔ انھوں نے اعلان کیا کہ ان کی خدمات کے اعتراف میں سنٹرل اسٹیشن پر ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا جائے گا جس میں انھیں تعریفی اسناد سے نوازا جائے گا۔

Shares: