جاپان کی حکومت نے سندھ میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے دو مقامی این جی اوز کو مجموعی طور پر 95,311 امریکی ڈالر (تقریباً 2 کروڑ 65 لاکھ روپی) کی گرانٹ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
باغی ٹی وی کے مطابق گرانٹ کے معاہدے جاپان کے قونصل جنرل، ہاتوری مسارو، اور دونوں این جی اوز کے نمائندگان کے درمیان 28 نومبر 2024 کو کراچی میں جاپان کے قونصل خانے میں طے پائے۔یہ منصوبے ڈسیبلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن (DWA)اور سندھ کمیونٹی فاؤنڈیشن (SCF) کی جانب سے سرانجام دیئے جائیں گے۔ ڈسیبلڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن کو 31,329 امریکی ڈالر (تقریباً 87 لاکھ روپی) کی گرانٹ فراہم کی جائے گی، جس سے وہ کراچی میں کم آمدنی والی معذور خواتین کے لیے نئی ٹرانسپورٹ گاڑیاں اور فنی تربیتی سامان حاصل کرے گی۔اس گرانٹ کے ذریعے DWA روزانہ تقریباً 40 معذور خواتین کو فنی تربیت فراہم کرنے کے قابل ہو جائے گی۔اس کے نتیجے میں، DWA ان خواتین کو سماجی اور معاشی خود مختاری حاصل کرنے میں مدد دے گی۔ اسی طرح سندھ کمیونٹی فاؤنڈیشن کو 63,982 امریکی ڈالر (تقریباً 1 کروڑ 78 لاکھ روپی) کی گرانٹ دی جائے گی، جس سے وہ موسمیاتی لحاظ سے مستحکم پانی کی فلٹریشن پلانٹس اور صفائی کا نظام تعمیر کرے گی۔ اس منصوبے سے روزانہ تقریباً 6,000 دیہاتیوں کو صاف پانی اور 850 افراد کو ٹوائلٹ کی سہولت میسر آئے گی۔اس طرح SCF پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں، ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور لوگوں کی بہتر صحت کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔ تقریب کے دوران جاپان کے قونصل جنرل ہاتوری نے اس امید کا اظہار کیا کہ DWA اور SCF اپنی کمیونٹیز پر نمایاں اثر ڈالیں گے، لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنائیں گے اور انہیں خوشیاں فراہم کریں گے۔ جاپان کی حکومت پاکستان کے عوام خاص طور پر متوسط طبقہ کی فلاح و بہبود کے لیے مقامی این جی اوز کو گرانٹ کے ذریعے مدد فراہم کرتی رہے گی۔