جرائم پیشہ عناصرکا ڈیری فارم پر قبضے کے بعد جید عالم دین کو جان سے مارنے کی دھمکیاں

0
58

جرائم پیشہ عناصرکا ڈیری فارم پر قبضے کے بعد جید عالم دین کو جان سے مارنے کی دھمکیاں

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ممتاز اور جید عالم دین الشیخ عبدالطیف نے کہا ہے کہ بہاولپور میں میرے ڈیری فارم اور زمین پر قبضہ کرنے والے غنڈہ گرد عناصر سے میری جان کو خطرہ ہے۔ قبضہ مافیا کے سرغنہ سلیم و دیگر مسلسل مجھے دھمکیاں دے رہے ہیں اور جھوٹا پروپیگنڈا کیا جارہا ہے کہ انہوں نے زمین خرید لی ہے۔ اعلیٰ حکام بلیک میلنگ میں ملوث گروہ کے سرغنہ سلیم، سہیل ناصر و دیگر کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لائیں اور مجھے تحفظ فراہم کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں سوموار کے دن صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے قبضہ مافیا کے خلاف پولیس تھانہ میں درخواست بھی دی ہے جس میں تفصیل بتائی گئی ہے کہ کس طرح میں نے کراچی شفٹ ہوتے وقت یہ زمین ٹھیکے پر دی اور کس طرح میری واپسی پر قبضہ مافیا کے یہ لوگ پہلے تو ٹال مٹول سے کام لیتے رہے اور پھر ڈیری فارم اور زرعی زمین خالی کرنے سے ہی انکار کر دیا۔

الشیخ عبدالطیف نے کہاکہ شہر کی سیاسی،مذہبی وسماجی شخصیات اور عوامی حلقوں نے جس طرح میرے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور غنڈہ گرد عناصر کے خلاف اپنے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے اس پر میں ان کا شکر گزار ہوں۔ جرائم پیشہ عناصر زمین خریدنے کا جھوٹا پروپیگنڈا کر کے حقائق تبدیل نہیں کر سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ قبضہ مافیا کے سرغنہ سلیم، سہیل ناصر اور شاہین اختر نامی خاتون کا یہ گروہ پہلے بھی کئی ایسے معاملات میں ملوث ہے جبکہ سلیم کے خلاف تو مختلف پولیس تھانوں میں مقدمات بھی درج ہیں۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ وہ قبضہ مافیا سے ڈیری فارم اور ایک ایکڑ زرعی زمین جو ٹھیکے پر لی گئی تھی اس کا غیر قانونی قبضہ چھڑایا جائے اور انہیں غنڈہ گرد عناصر سے تحفظ دلایا جائے۔

معروف عالم دین،سماجی شخصیت الشیخ عبدالطیف کے ڈیری فارم اور زرعی زمین پرجرائم پیشہ افراد کا قبضہ

Leave a reply