سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی کے باعث اس سال جشن آزادی کو خاص جوش و خروش سے منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ اس بار جشن آزادی اور معرکہ حق دونوں ایک ساتھ منائے جائیں گے تاکہ قومی جذبہ اور اتحاد کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔ 13 اگست کو نیشنل اسٹیڈیم میں سب سے بڑا پروگرام منعقد ہوگا جس میں ملکی یکجہتی اور فتح کا جشن منایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ آج ایکسپو سینٹر میں معرکہ حق مشاعرے کا انعقاد کیا جائے گا جس میں ملک بھر سے شاعروں اور فنکاروں کی شرکت متوقع ہے۔سعید غنی نے کہا کہ یہ تقریبات پاکستان کی فتح اور قربانیوں کی یاد دلاتی ہیں اور نوجوانوں میں حب الوطنی کا جذبہ بڑھانے میں مددگار ثابت ہوں گی-

قبل ازیں وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے معاونین خصوصی وزیر اعلٰی سندھ سید وقار مہدی اور رضا ہارون کے ہمراہ ہفتہ کے روز ایکسپو سینٹر کراچی میں معرکہ حق جشن آزادی کے حوالے سے منعقد ہونے والے عالمی مشاعرہ کی جاری تیاریوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی آصف موسی بھی ہمراہ تھے،

Shares: