پاکستان کی معروف اور سینئر اینکر پرسن جیسمین منظور نے اپنے سابق شوہر پر جسمانی تشدد کا سنگین الزام عائد کرتے ہوئے اپنے مداحوں کے سامنے اپنی کچھ متاثر کن تصاویر شیئر کی ہیں۔ ان تصاویر میں جیسمین کی آنکھ پر واضح سوجن دیکھی جا سکتی ہے جو اس واقعہ کی شدت کو ظاہر کرتی ہے۔
جیسمین منظور نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر موبائل گیلری کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا،”یہ میں ہوں، یہ میری کہانی ہے۔ میری زندگی ایک پُرتشدد آدمی نے تباہ کر دی، اور میں اپنا انصاف اپنے اللہ پر چھوڑتی ہوں۔”
مزید برآں، جیسمین نے ایک اور ٹوئٹ میں اُن افراد کے لیے سخت الفاظ استعمال کیے جو ان کے سابق شوہر کی حمایت کر رہے ہیں”یہ ان لوگوں کے لیے ہے جنہوں نے ایک مجرم کی طرف داری کی۔ یہ میرے سابق شوہر کا دیا گیا تحفہ ہے۔”سینئر اینکر پرسن نے ایک اور پوسٹ میں کہا،”یہ کوئی بھی ہو سکتا ہے۔ گھر محفوظ ہونے کے باوجود دنیا میں کوئی محفوظ نہیں ہے۔ سب سے خطرناک لوگ وہ ہیں جن پر آپ آنکھیں بند کر کے بھروسہ کرتے ہیں۔”
جیسمین منظور کی جانب سے تشدد کے واقعے کی مزید تفصیلات یا دیگر معلومات ابھی تک جاری نہیں کی گئیں۔ ان کی سوشل میڈیا پر یہ پوسٹس ایک بار پھر معاشرتی مسائل، خصوصاً گھریلو تشدد کے حوالے سے عوامی توجہ مبذول کرانے کا باعث بنی ہیں۔