پاکستان اسلامک کونسل کے چئیرمین اور جامعہ سعیدیہ سلفیہ کے پرنسل ڈاکٹر حافظ مسعود عبدالرشید اظہر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ لکی مروت میں کیپٹن سمیت 6فوجی جوانوں کی شہادت قومی المیہ ہے ۔ دشمنوں کا مقابلہ کرنے اور اپنی جانوں پر کھیل کر وطن کا دفاع کرنے والے جوانوں پر قوم کو فخر ہے ۔فوجی جوانوں کی شہادت میں قوم کی حیات ہے ۔انھوں نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی تمام تر دہشت گردی اور تخریب کاری میں بھارت ملوث ہے ۔ بھارت کی صورت میں ہمیں ایک نہایت ہی کمینے اور گھٹیا دشمن کا سامنا ہے جس نے اول دن سے پاکستان کو تسلیم نہیں کیا اور آج بھی وطن عزیز کے خلاف دشمنی اور دہشت گردی کی کاروائیوں میں مصروف ہے ۔ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ہماری افواج کے بہادر جوان اپنی جانوں پر کھیل کر ناکام بنا رہے ہیں ۔جب ہم رات کے وقت اپنے نرم اور گرم بستروں میں آرام کررہے ہوتے ہیں اس وقت پاک افواج کے جوان اپنے گھروں سے ہزاروں میل دور وطن کے دفاع کےلئے دہشت گردوں کے ساتھ برسرپیکار ہوتے ہیں ، قوم وطن کے دفاع اور دشمنوں کے ساتھ مقابلہ کرنے والی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔افواج کو کمزور کرنا وطن کو کمزور کرنے کرنے کے مترادف ہے ، وطن کے دفاع کےلئے جانیں قربان کرنے والے غازی اور شہید ہمارے لئے باعث فخر ہیں ، مضبوط فوج ہی پاکستان کے دفاع اور استحکام کی ضامن ہے ۔ پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت کرنے امن وامان کو برقرار رکھنے اور دہشت گردوں دشمنوں کا مقابلہ کرنے والے شہدا نے ناقابل فراموش جرات وبہادری اور جوانمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جانیں مادر وطن پر نچھاور کی ہیں ۔ قوم اپنے ان بیٹیوں کی قربانیوں کو کبھی بھی بھلا نہیں پائے گی ۔ پوری پاکستانی قوم شہدا اور غازیوں کے خاندانوں کے ساتھ ہے ۔ ہمیں شہدااور غازیوں کے خاندانوں پر ناز ہے ۔ شہادتوں کا جذبہ زندہ قوموں کی تاریخ کا روشن باب ہے ، سرحدوں پر مامور جوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ملک کے محافظ ہیں ۔ اسلام اور پاکستان کی تاریخ شہدا اور غازیوں کے تذکروں سے روشن ہے ، جذبہ شہادت کے بغیرپاکستان اپنا وجود قائم نہیں رکھ سکتا ہے، جذبہ شہادت کے ساتھ ہی ملک کے دشمنوں کو شکست دی جاسکتی ہے ۔ پاکستان کے قیام کےلئے لاکھوں شہدا نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں آج اس بات کا عہد کرنے کی ضرورت ہے کہ ہم ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔

Shares: