فیصل آباد: ایف آئی اے امیگریشن نے فیصل آباد ائرپورٹ پر بڑی کارروائی کی ہے جس کے دوران جعلی دستاویزات پر بیرون ملک سفر کرنے کی کوشش کرنے والے ایک مسافر کو گرفتار کیا ہے۔
گرفتار ہونے والے شخص کی شناخت محمد شہزاد عاصم کے نام سے ہوئی۔ ایف آئی اے کی ٹیم نے امیگریشن کلیرینس کے دوران اس مسافر کو مشکوک پایا اور اس کی تفصیل سے تفتیش کی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق، ملزم بین الاقوامی پرواز سے یونان جانے کی کوشش کر رہا تھا۔ایف آئی اے کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزم کی جانب سے پیش کیا جانے والا یونان کا ریزیڈنٹ کارڈ جعلی تھا اور اس کے پاسپورٹ پر امیگریشن کے جعلی اسٹمپس بھی لگے ہوئے تھے۔ ان اسٹمپس کا آئی بی ایم ایس سسٹم میں کسی قسم کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں تھا، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ یہ اسٹمپس جعلی تھے۔مزید تحقیقات میں یہ بھی معلوم ہوا کہ ملزم بیرون ملک جانے کے لئے تین ایجنٹوں کے ساتھ رابطے میں تھا اور مجموعی طور پر 35 لاکھ روپے میں معاہدہ کیا تھا۔ملزم کو ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل فیصل آباد کے حوالے کر دیا گیا ہے جہاں مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔
فیصل آباد ائرپورٹ پر مسافروں کی سخت اسکریننگ کا عمل جاری ہے اور ایف آئی اے ترجمان نے کہا ہے کہ جعلی دستاویزات بنانے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ایف آئی اے کی طرف سے مشکوک سفری دستاویزات کی تفصیلی جانچ پڑتال کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔فیصل آباد زون کے ڈائریکٹر نے کہا کہ جعلی دستاویزات اور دھوکہ دہی سے بیرون ملک جانے والے ملزمان اور ان کے سہولت کاروں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ایف آئی اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی سفری دستاویزات غیر متعلقہ افراد کے حوالے نہ کریں اور ہمیشہ ویزا حاصل کرنے کے لیے متعلقہ ملک کی ایمبیسی یا نامزد ویزا ایپلیکیشن سینٹر سے رابطہ کریں۔ایف آئی اے نے اس بات کا بھی عہد کیا ہے کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے اور ملکی سرحدوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اپنے اقدامات میں مزید تیزی لائے گا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، "ہماری کوشش ہے کہ ملک کے تمام ائرپورٹس پر اسکریننگ کے عمل کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ جعلی دستاویزات اور غیر قانونی سفری کوششوں کو روکا جا سکے۔”