حکومت سندھ اور کاروباری تنظیموں نےجعلی خبروں کے روک تھام کے لئے فیکٹ چیکنگ کے نظام کو مضبوط کرنے پر اتفاق کر لیا
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت بزنس فیسلٹیشن اینڈ کوآرڈینیشن کمیٹی (BFCC) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کاروباری برادری کو درپیش میڈیا سے متعلقہ مسائل پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں مختلف کاروباری شخصیات نے شرکت کی، جن میں مرزا اختیار بیگ، فیصل معیز (این کاٹی)، جنید نقی (کاٹی) اور ضیاءالعارفین (کے سی سی آئی) شامل تھے۔اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن، سیکریٹری آئی ٹی نور احمد سومرو، اور ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی اطلاعات معیز پیرزادہ بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں جعلی خبروں کے پھیلاؤ کے کاروبار اور معیشت پر اثرات پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور اس کے روک تھام کے لیے مؤثر حکمت عملی ترتیب دینے پر زور دیا گیا۔ شرجیل انعام میمن نے اس بات پر زور دیا کہ جعلی خبروں کا پھیلاؤ کاروبار اور معیشت پر سنگین اثرات مرتب کر سکتا ہے، جس کے سبب کاروباری برادری کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ جعلی خبروں کے اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہے اور کاروباری برادری کے مفادات کا تحفظ کرنے کے لئے مؤثر اقدامات اٹھائے گی۔
شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ جعلی خبروں اور غلط معلومات سے نمٹنے کے لیے ذمہ دارانہ صحافت اور متعلقہ فریقین کے تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کاروباری برادری اور محکمہ اطلاعات کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنا ضروری ہے تاکہ غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے اور سوشل میڈیا کے ذریعے کاروبار پر منفی اثرات کا مقابلہ کیا جا سکے۔
یہ اجلاس حکومت سندھ کی طرف سے کاروباری برادری کو درپیش چیلنجز کا حل تلاش کرنے کے لیے ایک مثبت قدم ہے اور یہ یقین دہانی کراتا ہے کہ حکومت کاروباری مفادات کے تحفظ کے لیے بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔








