اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مجھے خوشی ہے پیپلز پارٹی اپنے وعدے پورے کر رہی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو کا وعدہ تھا کہ پیپلز پارٹی روٹی، کپڑا اور مکان دے گی اور مجھے خوشی ہے کہ پیپلز پارٹی اپنے وعدے پورے کر رہی ہے،سندھ حکومت کی جانب سے متاثرین کے لیے گھروں کی تعمیر جاری ہے اور پیپلز پارٹی صرف گھر ہی نہیں بلکہ سولر سسٹم بھی فراہم کرے گی،پیپلز پارٹی آپ کی مشکلات کم کرنے کے لیے کوشش کر رہی ہے، حکومت سندھ کی کوشش ہے سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر کا کام جلد از جلد مکمل ہو جائے اور مالکانہ حقوق ان خاندانوں کی خواتین کے نام منتقل کر دیئے جائیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 21 لاکھ سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے گھروں کی تعمیر کے میگا پروجیکٹ کے ساتھ ساتھ حکومت سندھ ان تمام گھروں کو شمسی بجلی کی سہولت بھی مفت فراہم کر رہی ہے ، سندھ حکومت کی جانب سے ایک اور بڑا منصوبہ شروع ہونے والا ہے ، ہم واش فیسلٹیز کو بھی ان گھروں میں شامل کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی مشکلات میں کمی لانے کے لیے نئے منصوبے لا رہے ہیں،دریں اثنا چیئرمین بلاول نے تعلقہ رتوڈیرو کے گاؤں زنگیجا پہنچ کر سندھ پولیس کے شہید کانسٹیبل منیر احمد سومرو کے صاحبزادے منیب الرحمن، والد غلام قادر اوردیگر ورثا سے تعزیت اور شہید کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اس موقع پر نثار احمد کھوڑو، جمیل احمد سومرو سمیت اراکین اسمبلی و دیگر رہنما بھی موجود تھے ۔

Shares: