اسلام آباد میں جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد اور انکی اہلیہ گرفتار

0
46
mushtaq

اسلام آباد: اسلام آباد پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے الزام میں جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان کے ساتھ ہی ان کی اہلیہ کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ مشتاق احمد اور دیگر مظاہرین نے سیو غزہ کمپین کے تحت نیشنل پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا، جس میں انہوں نے اسرائیل کے حملوں کے خلاف آواز اٹھائی۔ پولیس نے دفعہ 144 کے تحت مظاہروں کی اجازت نہ ہونے پر ان کی گرفتاری کی۔ مشتاق احمد سمیت کل 10 مظاہرین کو اسلام آباد پریس کلب کے باہر سے گرفتار کیا گیا، جس کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب، کراچی میں بھی حزب اللّٰہ کے سربراہ حسن نصر اللّٰہ کی ہلاکت کے خلاف ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ مظاہرین نے حسن نصر اللّٰہ کی اسرائیلی حملے میں شہادت کے خلاف نعرے بلند کیے، جس کے باعث پولیس کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔ ایم ٹی خان روڈ پر مظاہرین کو روکنے کی کوشش کے دوران پتھراؤ شروع ہوا، جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔ حالات کو کنٹرول کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس کے شیل بھی فائر کیے۔ پتھراؤ کی اس کارروائی میں متعدد صحافی بھی زخمی ہوئے، جبکہ مظاہرین نے ایک موٹرسائیکل کو آگ لگا دی۔ مظاہروں کے دوران کشیدگی برقرار رہی اور پولیس کی بھاری نفری وہاں موجود رہی۔ اس واقعے کے بعد، دونوں شہروں میں صورتحال کشیدہ ہے اور پولیس نے مزید کارروائیاں کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

Leave a reply