سرگودھا میں ایک جعلی عامل کے خلاف سنگین الزامات سامنے آئے ہیں، جس نے ایک لڑکی سے "جن نکالنے” کے بہانے لاکھوں روپے بٹورنے کے بعد مبینہ طور پر اس سے زیادتی کی کوشش بھی کی۔
پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی نے شکایت درج کرائی ہے کہ جعلی عامل نے اسے یقین دلایا کہ اس پر "جنات” کا اثر ہے، جسے ختم کرنے کے لیے بھاری رقوم درکار ہوں گی۔ عامل نے مختلف مراحل میں تقریباً 30 لاکھ روپے وصول کیے۔ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزم نے جن نکالنے کے بہانے پیسے بٹورنے کے بعد متاثرہ لڑکی کو اپنے قبضے میں لے کر اس سے مبینہ زیادتی کی کوشش کی۔ مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ملزم نے لڑکی کی نازیبا ویڈیو بنا لی اور اسے بلیک میل کرتے ہوئے 20 لاکھ روپے مزید طلب کیے۔پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، تاہم وہ تاحال گرفتار نہیں ہو سکا۔ پولیس کی جانب سے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ایسے جعلی عامل سماج میں خوف اور جہالت کا فائدہ اٹھا کر معصوم لوگوں کو لوٹتے ہیں، اس لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چاہیے کہ فوری کارروائی کرتے ہوئے اس ملزم کو گرفتار کر کے قرارِ واقعی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کوئی بھی اس طرح کے گھناونے فعل کا ارتکاب نہ کر سکے۔