لاہور: جناح اسپتال لاہور سے قیمتی طبی سامان کی غائب ہونے کی خبر نے ہسپتال انتظامیہ اور محکمہ صحت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ اسپتال سے ایک کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے آپریشن تھیٹر ٹیبلز، بیڈز، اے سی، وہیل چیئرز اور فرنیچر سمیت دیگر قیمتی اشیاء غائب ہو گئی ہیں، جس پر محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے فوری طور پر سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

محکمہ صحت نے ڈاکٹر شبیر حسین کو اس سنگین معاملے میں شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے تحریری وضاحت طلب کر لی ہے۔ شوکاز میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ اسپتال سے طبی سامان جان بوجھ کر غائب کیا گیا ہے اور اس حوالے سے 3 رکنی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں ڈاکٹر شبیر حسین پر بدعنوانی کے ٹھوس شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔

تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق، غائب ہونے والا سامان انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جس میں نہ صرف آپریشن تھیٹر کے ٹیبلز اور بیڈز شامل ہیں بلکہ ایئر کنڈیشنگ یونٹس، وہیل چیئرز اور مختلف اقسام کا فرنیچر بھی شامل ہے۔ اس سارے سامان کی کل مالیت ایک کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔

شوکاز میں محکمہ صحت نے سخت خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت میں وضاحت نہ دینے کی صورت میں سخت قانونی اور انتظامی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ محکمہ صحت نے یقین دلایا ہے کہ اس قسم کی بدانتظامی اور بدعنوانی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ دار افراد کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Shares: