جس جماعت نےکرپشن پراپنا بیانیہ تیارکیا وہ خودکرپشن میں ملوث ہے،احسن اقبال
باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ن لیگی رہنما احسن اقبال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن اور آئین جماعتوں کو اس بات کا پابند کرتا ہے کہ وہ تمام فنڈز بتائیں، جس جماعت کے لیڈر نے سب پر کیچڑ اچھالا اور کہتے ہیں کہ کلین چٹ ملی آج معلوم ہو رہا ہے کہ پاکستان میں سب سے زیادہ کرپشن کے وہ خود مرتکب ہوئے ہیں، الیکشن کمیشن میں پانچ سالوں سے کیس چل رہا ہے جس کو التوا کا شکار رکھا گیا ہے، کوشش کی گئی کہ الیکشن کمیشن کو آزادانہ فیصلہ کرنے سے روکا جائے.
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ ہم وہ مطالبہ کر رہے ہیں کہ جو کیس پانچ سال سے زیر غور ہے اس کا فیصلہ کیا جائے، حکومت الیکشن کمیشن کو آزادانہ کام کرنے سے روکتی رہی ہے، قانونی ہتھکنڈوں کے ذریعے الیکشن کمیشن پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی گئی،الیکشن کمیشن کے اراکین کی تقرری پر اتفاق رائے اس وجہ سے حکومت نہیں چاہتی تھی کہ اس کیس کا فیصلہ نہ ہو سکے، چھ دسمبر کو چیف الیکشن کمشنر ریٹائر ہو رہے ہیں حکومت مزید التوا چاہتی تھی ہم نے استدعا جمع کروائی کہ چیف الیکشن کمشنرکی مدت کے دوران اس کو سنا جائے اور فیصلہ کیا جائے
احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کا کوئی اکاؤنٹ ایسا نہیں جو ظاہر نہیں کیا ہو، تحریک انصاف کے 23 اکاؤنٹ ایسے ہیں جو نہیں بتائے گئے اور سٹیٹ بینک نے تصدیق کی کہ ان میں بلین کی ترسیلات ہوئی،اس میں آنے والی رقوم کو اپنے استعمال میں لایا گیا، الیکشن کمیشن میں حساب نہیں دیا گیا، یہ بدترین ڈاکہ ہے، عمران صاحب نے کل کہا کہ فکر نہ کریں سب ٹھیک ہے اگر سب ٹھیک ہے تو پھر رازداری کس چیز کی ہے پھر عدالتوں میں درخواستیں کیوں لے کر جاتے ہیں کہ اس کی ہیئرنگ کو خفیہ رکھا جائے،
احسن اقبال نے مزید کہا کہ ہم اوپن میڈیا ٹرائل چاہتے ہیں، میڈیا کو تمام ٹرائل کو کور کرنے کی اجازت دی جائے تا کہ پتہ چلے کون سچا اور کون جھوٹا، پبلک آفس میں لگنے والے الزام پر اوپن میڈیا ٹرائل ہونا چاہئے صحافیوں کو نہ روکا جائے اور اس میں رازداری نہیں ہونی چاہئے، ن لیگ نے اپنے خلاف لگنے والے الزامات پر یہ مطالبات کئے تھے، حقیقت سامنے لانا چاہتے تھے لیکن وہ صاحب جو خود کو دیانتداری کا مینار سمجھتے ہیں وہ راز داری چاہتے ہیں، میڈیا کوریج نہیں چاہتے.
احسن اقبال نے کہا کہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ بھارت سے کس نے آپ کو فنڈنگ کی، امریکا سے کس نے فنڈنگ کی، آپ کو رسیدوں کا حساب دینا پڑے گا، سب سے بڑا ڈاکہ عمران احمد نیازی نے ڈالا جس کو پاکستانی قوم سے چھپایا جا رہا تھا، رازداری نہیں ہے تو پارٹی کی منی ٹریل پیش نہیں کرتے جو بیرونی فنڈنگ ہوئی، کئی بے نامی اکاؤنٹس تحریک انصاف کے ہیں ان کا جواب دینا پڑے گا، قوم ان اکاؤنٹس کے بارے میں جاننا چاہتی ہے ان میں آنے والی ڈونیشن کو کس نے استعمال کیا اور کیسے استعمال کیا، کروڑوں، اربوں روپے کی خردبرد کی گئ یہ ناقابل معافی ہے اس کا جواب دینا پڑے گا، پندرہ ماہ میں جھوٹ بول بول کر معیشت کو تباہی کے کنارے لا کر کھڑا دیا.