سنگاپور کی ایک عدالت نے دو بھارتی شہریوں کو جسم فروش خواتین کو لوٹنے اور ان پر تشدد کرنے کے الزام میں پانچ سال اور ایک ماہ قید کی سزا سنادی۔

عدالتی دستاویزات کے مطابق 23 سالہ اَروکیاسامی ڈیسن اور 27 سالہ راجندرن مئیلاراسن نے جرم کا اعتراف کرلیا۔ دونوں پر لوٹ مار کے دوران دانستہ طور پر جسمانی نقصان پہنچانے کے الزامات ثابت ہوئے۔مقامی اخبار اسٹریٹس ٹائمز کے مطابق دونوں ملزمان 24 اپریل کو بھارت سے سنگاپور سیاحت کی غرض سے پہنچے تھے۔ دو روز بعد جب وہ لِٹل انڈیا کے علاقے میں گھوم رہے تھے تو ایک نامعلوم شخص نے ان سے رابطہ کیا اور پوچھا کہ کیا وہ جسمانی خدمات حاصل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اس شخص نے انہیں دو خواتین کے رابطہ نمبرز دیے اور خود وہاں سے چلا گیا۔

اَروکیاسامی نے راجندرن کو بتایا کہ ان کے پاس پیسے نہیں ہیں اور تجویز دی کہ وہ ان خواتین کو ہوٹل کے کمرے میں بلا کر انہیں لوٹ لیں۔ راجندرن نے اس منصوبے سے اتفاق کیا۔اسی روز شام چھ بجے کے قریب انہوں نے ایک خاتون کو ہوٹل کے کمرے میں بلایا۔ کمرے میں داخل ہوتے ہی دونوں نے خاتون کے ہاتھ اور پاؤں کپڑوں سے باندھ دیے اور اسے تھپڑ مارے۔انہوں نے خاتون سے زیورات، 2000 سنگاپور ڈالر نقدی، پاسپورٹ، اور بینک کارڈز چھین لیے۔اسی رات تقریباً 11 بجے، دونوں نے دوسری خاتون کو ایک اور ہوٹل میں ملنے کے لیے بلایا۔ جب وہ آئی تو ملزمان نے اسے بازوؤں سے پکڑ کر گھسیٹا اور راجندرن نے اس کا منہ بند کردیا تاکہ وہ شور نہ مچا سکے۔انہوں نے خاتون سے 800 سنگاپور ڈالر، دو موبائل فونز اور پاسپورٹ چھین لیا اور دھمکی دی کہ وہ کمرہ نہ چھوڑے ورنہ انجام برا ہوگا۔

دوسری متاثرہ خاتون نے اگلے روز ایک شخص کو واقعے کی اطلاع دی جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔
تحقیقات کے دوران دونوں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ عدالت میں پیشی کے دوران دونوں نے جرم تسلیم کیا اور نرمی کی اپیل کی۔

اَروکیاسامی نے مترجم کے ذریعے عدالت کو بتایا "میرے والد گزشتہ سال وفات پا گئے، میری تین بہنیں ہیں جن میں سے ایک کی شادی ہوچکی ہے، ہمارے پاس کوئی مالی وسائل نہیں، اسی لیے یہ کام کیا۔”راجندرن نے کہا "میری بیوی اور بچہ بھارت میں اکیلے ہیں، وہ شدید مالی مشکلات میں ہیں۔”

سنگاپور کے قانون کے مطابق اگر کوئی شخص ڈکیتی کے دوران کسی کو نقصان پہنچائے تو اسے پانچ سے بیس سال قید اور کم از کم ۱۲ کوڑوں کی سزا دی جاسکتی ہے۔عدالت نے سماعت مکمل کرنے کے بعد دونوں ملزمان کو پانچ سال ایک ماہ قید اور ۱۲ کوڑوں کی سزا سنائی۔

Shares: