پاکستان کے سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے لاہور پریس کلب کے پروگرام ” میٹ دی پریس”میں شرکت کی اور صحافیوں سے تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر صدر لاہور پریس کلب ارشدا نصاری ، سینئر نائب صدر افضال طالب، سیکرٹری زاہد عابد، فنانس سیکرٹری سالک نواز، ممبران گورننگ باڈی سید بدر سعید، رانا شہزاد احمد، شاہدہ بٹ، محبوب احمد چوہدری سمیت سینئر صحافیوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔صدر ارشد انصاری اور سیکرٹری زاہد عابد نے لاہور پریس کلب آمد پر معزز مہمان کا شکریہ ادا کیا۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کا معاملہ سیاسی ، معاشی۔ترقی یا پسماندگی کا نہیں ہے بلکہ چند علیحدگی پسند نا سمجھ قوتوں کا مسئلہ ہے، کوئی اس بھول میں نہ رہے کہ پاکستان یا بلوچستان کا جغرافیہ تبدیل کر لے گا، نام نہاد انسانی حقوق کے علمبردار دہشت گردوں کے ہاتھوں مرنے والے پاکستانیوں کیلئے بھی دھرنے دیں، ورنہ ہم سمجھیں گے کہ یہ لوگ صرف دہشت گردوں اور علیحدگی پسندوں کے ترجمان ہیں، انہوں نے کہا کہ دنیا کے بڑے بڑے ممالک مختلف اوقات میں ایسے حالات سے گزرتے رہے ہیں لیکن آخر کار ان حالات پر قابو پاکر ترقی کی ہے، پاکستان بھی ان حالات سے نکل جائے گا، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور علیحدگی پسندوں کے پیچھے صرف اور صرف بھارت ہے اور اس میں کوئی شک نہیں کہ راءمیں باقاعدہ ڈیسک ایسے امور کیلئے کام کرتے ہیں ، انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ہم تمام لوگوں کو پاکستان کے بیانئے کو آگے بڑھانا ہے کیونکہ دہشت گردی میں پاکستانی مرتے ہیں، ہم دانستہ یا غیر دانستہ طور پر دہشت گردوں کے غلط بیانئے کو آگے نہ بڑھائیں،
سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان میں بھی دیگر علاقوں کی طرح ترقی ہوئی ہے اور پسماندگی کا نعرہ صرف دہشت گرداپنے بیانئے کو مضبوط کرنے کیلئے استعمال کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ سیاستدانوں سمیت ہر طبقہ کو بلوچستان کے مسئلے پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے، انہوں نے کہا کہ جو لوگ بات چیت یا مذاکرات کیلئے تیار ہیں ان سے بالکل بات چیت اور مذاکرات ہونے چاہئیں لیکن جو طاقت یا گولی کی زبان استعمال کر رہے ہیں ان سے ہم کیا بات کریں، دہشت گردوں اور علحیدگی پسند ٹولے کے پاس کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے وہ صرف انتشار پھیلانا چاہتے ہیں جس پر ان کو جلد ہی ناکامی ہوگی۔
صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہا کہ بلوچستان پاکستان ہے اور میڈیا سمیت ہر طبقہ کو ایسے لوگوں کی حوصلہ شکنی کرنی چاہیئے جو بلوچستان اور پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں، صدر ارشد انصاری نے سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کو پریس کلب کی اعزازی ممبرشپ دینے کا بھی اعلان کیا۔ تقریب کے اختتام پر صدر ارشد انصاری نے معزز مہمان کو کلب کی جانب سے یادگاری شیلڈ اور پھول پیش کئے۔