بلوچستان میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا، لرزہ خیز واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی.

صوبہ بلوچستان میں سفاکی کی ایک انتہائی دلخراش ویڈیو منظر عام پر آئی ہے، جس میں مسلح افراد ایک خاتون اور مرد کو بہیمانہ انداز میں قتل کرتے دکھائی دیتے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون ہتھیاروں سے لیس افراد کے ہجوم میں حوصلے کے ساتھ آگے بڑھتی ہے، نہ اس کے قدم لڑکھڑاتے ہیں اور نہ ہی وہ رحم کی اپیل کرتی ہے۔ خاتون کے بعد ایک مرد کو بھی اسی انداز میں قتل کر دیا جاتا ہے۔

ذرائع کے مطابق مقتول جوڑے نے ڈیڑھ سال قبل پسند کی شادی کی تھی، جنہیں مبینہ طور پر ان کے قبیلے والوں نے دعوت کے بہانے بلایا اور ویرانے میں لے جا کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ یہ واقعہ مبینہ طور پر غیرت کے نام پر پیش آیا۔ویڈیو کے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بیان جاری کیا اور بلوچستان پولیس کو فوری ایکشن کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ویڈیو میں دکھائی گئی بربریت ناقابل برداشت ہے، اور ریاست کی عملداری کو چیلنج کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ویڈیو اور جائے وقوعہ کے مقام کا تعین کیا جا رہا ہے، اور واقعے میں ملوث تمام ملزمان کی نشاندہی و گرفتاری کے لیے ادارے متحرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کسی صورت اس ظلم پر خاموش نہیں بیٹھے گی، اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔شاہد رند نے عوام سے اپیل کی کہ ویڈیو میں موجود افراد کی شناخت میں مدد کریں تاکہ مجرموں کو قانون کے شکنجے میں لایا جا سکے۔

حکومت بلوچستان کی جانب سے اس دلخراش واقعے کی بھرپور مذمت کی گئی ہے اور واضح کیا گیا ہے کہ ایسے مظالم کو برداشت نہیں کیا جائے گا، اور قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

آر ایس ایس سے منسلک کانوریوں کا بھارتی فوجی پر بہیمانہ تشدد، مودی حکومت خاموش

Shares: