میرپورخاص(باغی ٹی وی،نامہ نگارشاہزیب شاہ ) ضلع سانگھڑ میں صحافی خاور حسین کی ہلاکت کے واقعے کا آئی جی سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ یہ کمیٹی دو روز میں ابتدائی رپورٹ آئی جی سندھ کو پیش کرے گی۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس کرائم اینڈ انویسٹی گیشن برانچ سندھ، کراچی کے دفتر سے جاری ہونے والے باضابطہ حکم نامے کے مطابق، اس کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی سندھ اعظم خان کر رہے ہیں، جبکہ دیگر اراکین میں ڈی آئی جی ویسٹ زون کراچی عرفان بلوچ اور ایس ایس پی سانگھڑ عابد بلوچ شامل ہیں۔

کمیٹی کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ وہ ضلع سانگھڑ میں پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے کے تمام پہلوؤں کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کرے۔ پولیس حکام کے مطابق، کمیٹی ہر زاویے سے واقعے کی جانچ کرے گی اور اس بات کا تعین کرے گی کہ صحافی خاور حسین کی ہلاکت کی اصل وجوہات کیا ہیں۔

حکم نامے کی نقول متعلقہ حکام کو بھیج دی گئی ہیں تاکہ فوری طور پر کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ عوامی اور صحافتی حلقوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ اس کمیٹی کی تحقیقات کے نتیجے میں خاور حسین کے اہلِ خانہ اور صحافتی برادری کو انصاف ملے گا۔

Shares: