نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے آن لائن جوا اور غیر قانونی ٹریڈنگ ایپلیکیشنز کی تشہیر میں ملوث مشہور سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 3 مقدمات درج کر لیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مقدمات اقرا کنول عرف "سسٹرولوجی”، ندیم مبارک عرف "نانی والا” اور محمد حسنین شاہ کے خلاف قائم کیے گئے ہیں۔ تحقیقاتی ادارے کے مطابق ان تینوں یوٹیوبرز پر الزام ہے کہ وہ غیر قانونی آن لائن ٹریڈنگ ایپس کی تشہیر میں ملوث رہے اور عوام کو غیر حقیقی منافع کے لالچ دے کر ان ایپس میں سرمایہ کاری کے لیے اکساتے رہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیشنل سائبر کرائم ایجنسی نے ملزمان کو تین مرتبہ نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کیا تاکہ ان کا مؤقف لیا جا سکے، لیکن انہوں نے جان بوجھ کر تفتیش میں شامل ہونے سے گریز کیا۔مقدمات کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ یوٹیوبرز اپنے لاکھوں فالوورز کے ذریعے پاکستانی عوام کو گمراہ کرتے رہے اور غیر قانونی سرمایہ کاری کے جال میں پھنسا کر مالی نقصان پہنچانے کے ذمہ دار ہیں۔

این سی سی آئی اے کے مطابق مزید تفتیش جاری ہے اور اس حوالے سے دیگر آن لائن پلیٹ فارمز کی بھی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو ایسے فراڈ اور جوا نما ایپلیکیشنز سے محفوظ رکھا جا سکے۔

Shares: