عالمی مالیاتی ادارے جے پی مورگن چیس اینڈ کمپنی نے کرپٹو کرنسی کی دنیا میں ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اب اس کے انسٹی ٹیوشنل کلائنٹس اپنے بٹ کوائن اور ایتھر ہولڈنگز کو قرضوں کے لیے ضمانت کے طور پر استعمال کر سکیں گے۔

تفصیلات کے مطابق، یہ پروگرام سال 2025 کے اختتام تک متعارف کرایا جائے گا اور دنیا بھر کے بڑے سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کے لیے دستیاب ہوگا۔ جے پی مورگن نے اپنے اس فیصلے کے ذریعے وال اسٹریٹ کی کرپٹو انٹیگریشن میں ایک نیا اور اہم باب کھول دیا ہے۔ذرائع کے مطابق، بینک اس اسکیم کے تحت تیسرے فریق کے کسٹوڈین کے ذریعے ان کرپٹو اثاثوں کو محفوظ رکھے گا جو بطور ضمانت جمع کرائے جائیں گے، تاکہ سیکیورٹی اور شفافیت برقرار رہے۔

یہ پروگرام جے پی مورگن کے اس پچھلے اقدام کی توسیع ہے جس میں ادارے نے کرپٹو سے منسلک ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز کو قرض کے لیے کولیٹرل کے طور پر قبول کیا تھا۔مالیاتی ماہرین کے مطابق، یہ پیش رفت اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ روایتی بینکنگ ادارے اب ڈیجیٹل کرنسیوں کو مرکزی مالیاتی نظام کا حصہ بنانے کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔جے پی مورگن کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد "مارکیٹ میں شفافیت، اعتماد اور جدید مالیاتی سہولتوں” کو فروغ دینا ہے۔

بینک کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ان ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے لیے خاص طور پر فائدہ مند ہوگا جو کرپٹو مارکیٹ میں بڑی مقدار میں سرمایہ کاری رکھتے ہیں مگر انہیں اپنی ڈیجیٹل اثاثہ جات کے خلاف قرض لینے کے لیے محفوظ پلیٹ فارم میسر نہیں تھا۔ماہرین کے خیال میں، جے پی مورگن کا یہ قدم دیگر عالمی بینکوں کے لیے بھی کرپٹو کو مالیاتی فریم ورک میں شامل کرنے کی راہ ہموار کرے گا، جس سے عالمی سطح پر ڈیجیٹل اثاثوں کی قانونی حیثیت مزید مستحکم ہوگی۔

Shares: