اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا دینے والے جج ہمایوں دلاور انگلینڈ روانہ ہو گئے۔

باغی ٹی وی : ذرائع کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور کی لندن ٹریننگ نامزدگی سے متعلق 4 اگست کا خط سامنے آیا ہے جس میں جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے جج ہمایوں دلاور کی جوڈیشل ٹریننگ کے لیے نامزدگی کی-

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ جج فیضان حیدر کی جگہ ٹریننگ کے لیے جج ہمایوں دلاور کا نام شامل کیا جائے جج ہمایوں دلاور 13 اگست تک لندن کی یونیورسٹی آف ہل میں ہونے والی ٹریننگ میں شریک ہوں گے انگلینڈ کی یونیورسٹی آف ہل میں ہیومن رائٹس اور رول آف لاء پر جوڈیشل ٹریننگ جاری ہے ملک بھر سے مختلف ججز کو جوڈیشل ٹریننگ میں شرکت کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

توشہ خانہ کیس: عمران خان کو تین سال کی سزا

ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے ججز کی جوڈیشل ٹریننگ کے لیے نامزدگی اور ویزا پراسس کا عمل 2 ماہ سے جاری تھا، کچھ ججز کو ویزا نہ ملنے پر دوسرے ججز کو شامل کیا گیا، پشاور میں بھی کچھ ججز کو ویزا نہ ملنے پر نام تبدیل کیے گئے۔

قبل ازیں چئیرمین پی ٹی آئی کا ٹرائل کرنے والے جج کی سکیورٹی بڑھا دی گئی تھی ذرائع کا کہنا تھا کہ جج ہمایوں دلاور کے ساتھ دو پولیس اسکواڈ تعینات کردیئے گئے تھےعلاوہ ازیں چئیرمین پی ٹی آئی کو سزا کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے ممکنہ ردعمل کے خدشے کے پیش نظر راولپنڈی پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ مری روڈ پر پولیس کی اضافی نفری تعینات ہے، اینٹی رائٹ فورس کے دستے بھی الرٹ ہیں ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کی گئی اور کسی سیاسی مذہبی جماعت کو گروہ بندی کی اجازت نہیں۔ قیدی وینز کو بھی مری روڈ کی جانب روانہ کر دیا گیا تھا۔

اٹک جیل انتظامیہ نےعمران خان سے ملاقات کرانے سے انکار کر دیا،وکیل

Shares: