میرپورخاص،باغی ٹی وی(نامہ نگار سید شاہزیب شاہ) عمرکوٹ روڈ پر جبری ٹول پلازہ کے خلاف جے یو آئی اور عوام کا دھرنا

عمرکوٹ روڈ پر انتظامیہ کی جانب سے جبری ٹول پلازہ قائم کرنے کے خلاف جمیعت علماء اسلام میرپورخاص اور علاقے کے عوام نے شدید احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا۔

دھرنے میں جے یو آئی میرپورخاص کے نائب امیر مولانا محمد ابراہیم مہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمرکوٹ روڈ کی حالت خستہ ہے اور روڈ پر ہونے والے حادثات میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کو اس سڑک کی تعمیر نو کرنی چاہیے تھی، لیکن عوام پر اضافی بوجھ ڈال کر ٹول پلازہ قائم کر دیا گیا۔ مولانا ابراہیم نے انتظامیہ کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹول پلازہ عوام کے لیے جینے مرنے کا سوال ہے، اور اسے کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا۔

دیگر مقررین، جن میں وڈیرہ علی مہر، عبدالحمید بلوچ، مولانا عبدالہادی، جمیل شر، میر محمد منگریو، اور فقیر محمد علی مہر شامل تھے، نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام اس ناجائز اقدام کے خلاف متحد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو پہلے سڑک تعمیر کرنی چاہیے اور اس کے بعد ٹول پلازہ پر غور کرنا چاہیے۔ مقررین نے واضح کیا کہ ایف آئی آرز یا دیگر کارروائیاں انہیں ڈرا نہیں سکتیں۔

دھرنے کے شرکاء نے "نامنظور، ٹول پلازہ نامنظور” اور "نعرہ تکبیر، اللہ اکبر” کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ دھرنے کے دوران عمرکوٹ روڈ دونوں اطراف سے بلاک ہو گیا، جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام متاثر ہوا۔ کسی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس کی نفری بھی موقع پر موجود رہی۔

احتجاج کرنے والوں نے انتظامیہ اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عوامی مفاد میں ٹول پلازہ قائم کرنے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لے کر علاقے کے مسائل حل کریں۔

Shares: