پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے انتخاب کے خلاف جے یو آئی ف کی درخواست خارج کر دی۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختوںخوا کے انتخاب کے خلاف جے یو آئی ف کی درخواست پر سماعت پر پشاور ہائیکورٹ نے کہا آپ کے پاس دو راستے ہیں یا تو درخواست واپس لیں یا ہم فیصلہ کرتے ہیں،جے یو آئی کے وکیل نے کہا آپ میرٹ پر فیصلہ کریں، جس پر عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا،بعد ازاں عدالت نے نو منتخب وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے عمل کے خلاف جے یو آئی ف کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے درخواست خارج کر دی۔
دوران سماعت عدالت میں پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجا نے کہا صوبہ بغیر وزیراعلیٰ کے چل رہا ہے، چیف جسٹس کے احکامات نظر انداز نہیں کر سکتے، جب تک چیف جسٹس کے احکامات کالعدم قرار نہ دیے جائیں، اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے پی ٹی آئی کی درخواست پر گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کو احکامات جاری کیے تھے کہ نو منتخب وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی سے عہدے کا حلف لیں،عدالت کا کہنا تھا اگر گورنر کے پی، سہیل آفریدی سے حلف نہیں لیتے تو پھر اسپیکر کے پی ان سے عہدے کا حلف لیں۔