جے یو آئی ف کا پی ٹی آئی مذاکرات میں سینیٹ نشستوں پر بات چیت نہ ہونے کا دعویٰ

0
52
pak

اسلام آباد: جے یو آئی ف کے مرکزی ترجمان اسلم غوری نے پی ٹی آئی کے ساتھ جاری مذاکرات کے حوالے سے وضاحت پیش کی ہے اور اس بات کی تردید کی ہے کہ سینیٹ کی نشستوں کے بارے میں کوئی بات چیت ہوئی ہے۔ اسلم غوری نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی یا سب کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹ کی نشستوں کا موضوع کبھی زیر بحث نہیں آیا۔اسلم غوری نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بعض عناصر ٹیبل سٹوریز کے ذریعے پارٹیوں میں اختلافات پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ روز سب کمیٹیوں کے اجلاس میں صرف پارلیمنٹ کے روزمرہ امور پر بات چیت ہوئی اور ہمارے اور پی ٹی آئی کے درمیان پارلیمنٹ کے اندر ایشو ٹو ایشو گفتگو ہوتی ہے۔اسلم غوری نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی پر بھی شدید رد عمل ظاہر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصل کریم کنڈی کو "زمین پر بیٹھ آسمان پر تھوکنے” کی عادت کو ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر فیصل کریم کنڈی اپنے سیاسی قد کاٹھ سے بڑی بات کریں گے تو انہیں ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔ غوری نے گورنر کے پی کو صدر پاکستان سے بات کرنے کا سلیقہ سیکھنے کا مشورہ بھی دیا۔یہ ردعمل اس وقت آیا ہے جب سینیٹ کی نشستوں کے حوالے سے میڈیا میں مختلف قیاس آرائیاں اور افواہیں گردش کر رہی ہیں، جس پر جے یو آئی ف نے اپنی پوزیشن واضح کرتے ہوئے بے بنیاد خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔

Leave a reply