بھارتی سیکرٹری خارجہ وکرم مسری نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ بندی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یا امریکا کا کوئی کردار نہیں رہا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وکرم مسری نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ خالصتاً دوطرفہ تھا اور دونوں ممالک کے درمیان براہ راست مذاکرات سے ہی ممکن ہوا۔بھارتی پارلیمانی کمیٹی کو دی گئی بریفنگ میں وکرم مسری نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے جنگ بندی میں ثالثی کے لیے ہم سے اجازت نہیں لی، وہ خود ہی بیچ میں آنے کی کوشش کرتے رہے۔ تاہم، عملی طور پر کسی امریکی مداخلت کا کوئی وجود نہیں تھا۔
وکرم مسری نے مزید انکشاف کیا کہ پاکستان کی طرف سے کسی بھی ایٹمی دھمکی یا عندیے کے شواہد موجود نہیں ہیں۔ ان کے مطابق حالیہ کشیدگی روایتی جنگ کی حدود میں رہی، اور اسلام آباد کی جانب سے ایٹمی ہتھیاروں کی بات یا اشارہ نہیں دیا گیا۔ پارلیمانی کمیٹی کی جانب سے بار بار سوال کیے گئے کہ حالیہ جنگ میں کتنے بھارتی جنگی طیارے تباہ ہوئے، تاہم سیکرٹری خارجہ نے "قومی سلامتی” کا بہانہ بنا کر تفصیلات دینے سے انکار کر دیا۔
دوسری جانب پاکستانی دفتر خارجہ نے بھارتی میڈیا کے ان دعوؤں کو مسترد کر دیا ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ پاکستان نے جنگ میں "شاہین میزائل” استعمال کیا۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق بھارتی میڈیا کی خبریں بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔ بھارتی فوج نے بھی خود ان ویڈیوز کو ڈیلیٹ کیا، لیکن میڈیا نے جان بوجھ کر جھوٹا بیانیہ پھیلایا۔”
ترجمان نے مزید کہا کہ یہ پروپیگنڈا بھارت کی آپریشن سندور میں مکمل ناکامی کو چھپانے کی کوشش ہے، اور جنگ بندی پر جھوٹے بیانیے کے ذریعے عالمی رائے عامہ کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔اس سے قبل آئی ایس پی آر کی جانب سے 12 مئی کو جاری پریس ریلیز میں جنگ میں استعمال ہونے والے ہتھیاروں کی تفصیلات دی گئی تھیں، جن میں فتح ایف ون اور ایف ٹو میزائل، جدید ڈرونز اور طویل فاصلے تک مار کرنے والی توپیں شامل ہیں.
واضح رہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران عالمی میڈیا میں یہ دعوے گردش کر رہے تھے کہ امریکا نے پس پردہ سفارت کاری کرتے ہوئے جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا، تاہم بھارتی حکومت نے ان تمام دعوؤں کو "من گھڑت” قرار دے کر مسترد کر دیا ہے۔
بھارت کی دھمکیاں،چین نے مہمند ڈیم پر کام کی رفتار بڑھا دی
ٹرمپ کا روس-یوکرین فوری جنگ بندی مذاکرات شروع کروانے کا دعوی
سندھ حکومت کا 28 مئی کو عام تعطیل کا اعلان
ہیٹ ویو الرٹ,ملک بھر میں شدید گرمی کا امکان
برطانیہ، فرانس اور کینیڈا کی اسرائیل کو بڑی دھمکی