قصور (طارق نوید سندھو سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر عمران علی کی زیرصدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پاک آرمی، رینجرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ایس ای واپڈا، سول ڈیفنس آفیسر، لائیو سٹاک، ایگری کلچر اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں غیرقانونی پٹرول پمپس کے حوالے سے سول ڈیفنس آفیسر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ غیرقانونی ایل پی جی ری فیلنگ کی چیکنگ کے لیے تشکیل کردہ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کر رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے شہری علاقوں میں غیرقانونی ایل پی جی گیس کی ری فلنگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید تیز کرنے کا حکم دیا۔
ڈی سی عمران علی نے کہا کہ پنجاب روڈ اینڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ سڑکوں کی ڈیزائننگ اور برجز کے دونوں اطراف پر وال لگانے کی نشاندہی کے ساتھ ساتھ وال لگانے کا کام بھی کریں گے تاکہ سڑکوں پر حادثات کی روک تھام کی جا سکے۔
تمام اے سیز نے اپنی اپنی تحصیلوں میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشنز بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو روزانہ کی بنیاد پر شہر سمیت ضلع بھر میں تجاوزات اور وال چاکنگ کے مکمل خاتمے کی رفتار کو مزید تیز کرنے کا حکم دیا۔
ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز، میونسپل کمیٹیز اور سیکریٹری آر ٹی اے کو ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مل کر آپریشن کرنے کی ہدایت جاری کی۔
ایس ای لیسکو نے بجلی چوری، ریکوری اور بجلی کی چوری کی روک تھام کے لیے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔








