کبیروالا : غیرت کے نام پر اتائی ڈاکٹر پر تشدد، ناک اور کان کاٹ دیے گئے

کبیروالا (نامہ نگار) غیرت کے نام پر اتائی ڈاکٹر پر تشدد، ناک اور کان کاٹ دیے گئے

کنڈ سرگانہ سے تعلق رکھنے والے اتائی ڈاکٹر پر غیرت کے نام پر حملہ ہوا، جس میں نامعلوم مسلح افراد نے اس کی ٹانگوں میں گولیاں ماریں اور استرے سے اس کا ناک اور کان کاٹ دیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس تھانہ صدر کبیروالا موقع پر پہنچی جبکہ زخمی ڈاکٹر کو حالت تشویشناک ہونے پر نشتر ہسپتال ملتان منتقل کر دیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق اتائی ڈاکٹر محمد رمضان، جو کنڈ سرگانہ میں کلینک چلاتا تھا، نے مبینہ طور پر اپنے کلینک کے ایک خفیہ کمرے میں کیمرا نصب کر رکھا تھا۔ اس کی مدد سے وہ خواتین کی نازیبا ویڈیوز اور تصاویر بناتا رہا۔ اس بات کے انکشاف پر مقامی افراد نے احتجاج کیا، جس کے بعد وہ اپنی فیملی کے ہمراہ کنڈ سرگانہ چھوڑ کر بٹہ کوٹ میں روپوش ہوگیا۔

گزشتہ روز بٹہ کوٹ کے علاقے میں رمضان نواز پٹرولیم سروس کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اسے روکا اور نہ رکنے پر فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ حملہ آوروں نے اسے گھسیٹ کر قریبی گھر میں لے جا کر استرے سے ناک اور کان کاٹ دیے اور ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق اتائی ڈاکٹر کی نازیبا ویڈیوز اور تصاویر لیک ہونے کے بعد عوام میں شدید غم و غصہ پیدا ہوا تھا، جس کے نتیجے میں یہ واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاہم ملزمان تاحال گرفتار نہیں ہوسکے۔

Comments are closed.