جے یو آئی کا کاغذات نامزدگی کی وصولی کے دن بڑھانے کا مطالبہ
اسلام آباد: جمیعت علمائے اسلام ف (جے یو آئی) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے چیف الیکشن کمیشنر سے کاغذات نامزدگی کی وصولی کے دن بڑھانے کا مطالبہ کردیا۔
باغی ٹی وی : اس حوالے سے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو درخواست لکھی ،درخواست میں کامران مرتضیٰ نے لکھا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کا شیڈول جاری کیا گیا، سیاسی جماعتوں نے الیکشن کیلئے قومی اور صوبائی سطح پر امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ تقسیم کرنے ہیں، کاغذات نامزدگی کی وصولی کے لیے تین دن کا اضافہ کیا جائے، البتہ سکروٹنی کے وقت کو 7 دن سے کم کر کے چار دن کیا جاسکتا ہے جس سے پولنگ 8 فروری کو کرانا ممکن ہوگا۔
درخواست میں کہا گیا کہ جے یو آئی ف کو انتخابات کی تاریخ اور دیگر الیکشن شیڈول کے مراحل پر کوئی اعتراض نہیں، الیکشن ایکٹ کے سیکشن 58 کے تحت الیکشن کمیشن شیڈول کے اندر ردوبدل کرسکتا ہے کاغذات نامزدگی کے وقت میں اضافہ جے یو آئی ف کے لیے بطور سیاسی جماعت باعث اطمینان ہوگا اور اس کا وقت بڑھانے سے سیاسی جماعتوں کو بہتر امیدواروں کے چناؤ میں بھی آسانی ہوگی۔
آڈیو لیکس کیس: ایف آئی اے سمیت دیگر کو دوبارہ جواب جمع کرانے کی ہدایت
واضح رہے کہ عام انتخابات میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی حاصل کرنے اور جمع کروانے کا سلسلہ آج سے شروع ہو گیا ہے امیدوار 20 سے 22 دسمبر تک کاغذات نامزدگی جمع کروا سکتے ہیں، ان کی ابتدائی فہرست 23 دسمبر کو جاری ہوگی جب کہ کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی 24 سے 30 دسمبر تک ہوگی،جبکہ 13 جنوری کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے، عام انتخابات کے لیے پولنگ 8 فروری کو ہوگی، گزشتہ روز این اے 194 لاڑکانہ سے بلاول بھٹو زرداری کے لیےکاغذات نامزدگی حاصل کیے گئے جب کہ سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین کے لیے 3حلقوں سے کاغذاتِ نامزدگی لیے گئے۔